گلگت بلتستان کی منزل پاکستان کا آئینی صوبہ بننا ہے، پیر کرم علیشاہ
گلگت (نمائندہ خصوصی) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان گلگت بلتستان کے صوبائی کو آرڈنیٹر اسرار الدین اسرار نے گورنرگلگت بلتستان پیر سید کرم علی شاہ کو کمیشن کی طرف سے گلگت بلتستان کی سیاسی حیثیت اور انسانی حقوق کے حوالے سے شائع شدہ رپورٹ پیش کی۔ ا س موقع پر گورنر گلگت بلتستان پیر سید کرم علی شاہ نے ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی اس کاوش کو سراہااور ان کی سفارشات پر عملدرآمد کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانہ کرائی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی منزل پاکستان کا آئینی صوبہ بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے یا کشمیر طرز کا سیٹ اپ دینے کی جو سفارشات ہیومن رائٹس کمیشن نے دیا ہے اس پر حکومت پاکستان ضرور غور کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے یہ خطہ اپنی مدد آپ کے تحت آزاد کراکر رضاکارانہ طور پر پاکستان میں شمولیت اختیار کی تھی۔ مسلۂ کشمیر کی خاطر یہاں کے عوام نے قربانی کے طور پر تاحال اپنی موجودہ سیا سی حیثیت قائم رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو مکمل صوبہ بنانا چاہئے، کیونکہ یہاں کے عوام دل وجان سے پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور وطن کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔