کھیل
مجھے فخر ہے کہ گلگت بلتستان کی ایک بیٹی نے ماونٹ ایورسٹ سمیت دنیا کے متعدد چوٹیوں پر ہلالی پرچم لہرایا، مہدی شاہ
گلگت (پریس ریلیز) وزیر اعلی سید مہدی شاہ نے ایک تقریب کے موقع پر پاکستان کی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور انکے بھائی مرزا بیگ کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ انکو بحیثیت وزیر اعلی فخر ہے کہ علاقے کی ایک بیٹی نے ماونٹ ایورسٹ اور دنیا کے دیگر بلند پہاڑی سلسلوں کی چوٹیوں پر پاکستان کا ہلالی پرچم لہرایا انکا مزید کہنا تھا کی علاقے کے سپوت ملک کا نہ صرف نام روشن کر رہے ہیں بلکہ انہوں نے اپنی جان بھی اس وطن کے لیئے قربان کی ہے اور اسکا ثبوت لالک جان شہید کو ملنے والا نشان حیدر ہے۔ انہوں نے تقریب میں حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے ثمینہ بیگ کو پانچ لاکھ اورانکے بھائی مرزا بیگ کو 3لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات ، سیاحت و ثقافت سعدیہ دانش نے کہا کہ ہم سستی شہرت کے قائل نہیں ہم بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ گلگت بلتستان کا معاشرہ مثالی معاشرہ ہے اور یہاں کے ٹیلنٹ نے ملک کا نام ہمیشہ فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں محکمہ سیاحت اور امور نوجواناں کے تحت وزیر اعلی خود روزگارسکیم کامیابی سے جاری ہے اور اخوت کا ادارہ اس نیک کام میں حکومت گلگت بلتستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے اس سے علاقے میں بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ علاقے کی غیور عوام کو کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں بلکہ اس طرح کی بلاسود قرضہ سکیموں کے زریعے یہ عوام کو روزگار کے با وقار مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس قرضہ سکیم کے زیر اہتمام دیگر اضلاع میں بھی کامیابی سے لوگوں کی مشکلات کا حل تلاش کیا جا رہا ہے۔ حکومت گلگت بلتستان اورمحکمہ کے حکام پوری تندہی سے اس روزگار سکیم کی کامیابی کے لیئے کام کرہے ہیں اور آنے والے دنوں میں اس پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔ اور انکا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے یوتھ پالیسی بنائی ہے جو کہ بہت جلد ٹیبل کرنے جا رہے ہیں۔ تقریب سے سیکریٹری سیاحت وثقافت سید ہادی حسین ،چیف ایگزیکٹیو آفیسر اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب اور دیگر حکام نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بتایا کہ اس روزگار سکیم کے تحت 11228خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیئے گئے ہیں اور اب تک دیئے جانے والے قرضوں سے 99.6قرضے واپس بھی کیئے جا چکے ہیں جو کہ اس قرضہ سکیم کی کامیابی کے لیئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ آئندہ کا ہدف بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت چالیس ہزار خاندانوں کو قرضے فراہم کیئے جائیں گے۔