گلگت، نیٹکو کے سابق ایم ڈی ظفراقبال نے عملی سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کر دیا
گلگت(فرمان کریم) سابق ایم ڈی نیٹکو ظفر اقبال نے باقاعدہ سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کے روز ایک مقامی ہوٹل میں سیاسی، مذہبی، سماجی شخصیات اور صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیٹکوسے باعزت سبکدوش ہوئے 2 سال کا عرصہ ہوا ہے اور اب باقاعدہ طور پر عملی سیاست میں آنے کا تہیہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پہلے سیاست عبادت کے طور پر کرتے تھے اب سیاست ایک تجارت بن چکی ہے۔ انشااللہ میں سیاست کو خدمت کے طور پر کرنے کی کوشش کرونگا۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کے سیاسی پارٹیوں کے عہداداروں نے شرکت کی ۔
تقریب میں سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی وزیر بیگ، سابق سینئر وزیر محمد اسماعیل، مسلم لیگ (ن ) کے چیف آرگنائزر حافظ حفیظ الرحمن، سابق صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان جسٹس رٹیائرڈ جعفر شاہ، سابق وزیر پانی وبجلی ورہنما تحریک جعفریہ دیدار علی، سکرٹیری انجمن ہلال احمر نور العین، سابق مشیر وزیراعلیٰ محمد موسیٰ، جمعیت علمائ اسلام کے رہنما مولانا عطا اللہ شہاب ، مسلم لیگ(ن) ہنزہ نگر کے صدر جان عالم، سید افضل ، خطیب موتی مسجد مولانا خلیل قاسمی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔