درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، سیپ سکول اساتذہ کا دھرنا جاری
گلگت( فرمان کریم) سیپ اساتذہ کا احتجاجی دھرنا گزشتہ 40 روز سے جاری ہے ۔ نقطہ انجماد سے زیادہ سردی میں بھی مرد اور خواتین اساتذہ اہنے کمسن بچوں سمت دھرنے میں شریک ہیں۔ صدر سیپ اساتذہ ایسوسی ایشن غلام اکبر نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمارے جائز مطالبات حل نہیں ہوتے دھرنا جاری رہے گا۔ موسم کی سختی سے ہمارے دھرنے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اس دفعہ ہم تہیہ کر کے گھر سے نکلے ہیں کہ اپنے حق لے کر اپنے گھروں کو جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے ہمارے تنخواہوں میں اضافہ کرکے ہم پر کوئی احسان نہیں کیا ہے یہ ہمارا حق ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان 1464سیپ اساتذہ کو فوری طور پر مستقل کیا جائے۔ اگر ہمارے جائز مطالبات پر عمل نہیں کیا گیا تو خودسوزی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ سے توقعات لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ ہمارے مطالبات کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کر ئیگا۔