تعلیم

گلگت، ایڈوانس سوشل میڈیا سے متعلق چار روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پزیر

سکردو سے تعلق رکھنے والے معروف صحافی رضا قصیر سابق وزیر اطلاعات سعدیہ دانش سے سند وصول کررہا ہے، تصویر: مون ڈیجیٹل
سکردو سے تعلق رکھنے والے معروف صحافی رضا قصیر سابق وزیر اطلاعات سعدیہ دانش سے سند وصول کررہا ہے، تصویر: مون ڈیجیٹل

گلگت(صفدر علی صفدر) سابق وزیر اطلاعات گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ اکیسویں صدی کے اس جدید دور میں آسان اور موثر ابلاغ کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال معمولات زندگی کا ایک جزو بن گیا ہے اس لئے سوشل میڈیا کے مثبت اور دانشمندانہ استعمال سے متعلق عوام الناس میں شعور و آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ سوشل میڈیا کا غیر دانشمندانہ استعمال بعض اوقات معاشرے میں افراتفری پھیلانے اور نقص امن کا بھی سبب بن سکتا ہے ۔

مزید تصاویر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

جمعہ کو پامیر ٹائمز اور’’ بائٹس فار آل‘‘ نامی ادارے کے اشتراک سے گلگت میں صحافیوں کیلئے’’ ایڈوانس سوشل میڈیا ٹولز‘‘ کے موضوع پر منعقدہ چار روزہ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعدیہ دانش کا کہنا تھا کہ صحافیوں کیلئے سوشل میڈیا کے قوائد و ضوابط اور استعمال کے طور طریقوں سے متعلق معلومات پر عبور حاصل ہونا چاہئے کیونکہ صحافی معاشرے کا ایک ذمہ دار فرد ہو تا ہے اور معاشراتی اصلاح کے حوالے سے صحافیوں کا اہم کردار ہو تا ہے ۔صحافی سوشل میڈیا کے استعمال کے متعلق معلومات کو دوسروں تک پہنچانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں تا کہ معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے ۔

انہوں نے پامیر ٹائمز کی ادارتی پالیسی اور خبروں کے انتخاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ تازہ ترین اور مستند خبروں تک رسائی کیلئے پامیر ٹائمز پر وزٹ کرتی ہیں کیونکہ ان کی خبروں میں توازن اور پیشہ وارانہ مہارت پائی جاتی ہے جس کا صلہ پامیر ٹائمز کی پوری ٹیم کو جاتا ہے ۔انہوں صحافیوں کی پیشہ ورانہ استعداد کار کو بڑھانے کے حوالے سے پامیر ٹائمز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی سابق دور حکومت میں بحیثیت وزیر اطلاعات صحافت کی ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے اور صحافیوں کے ساتھ ان کا تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا ۔

اس سے قبل پامیر میڈیا گروپ کی جانب سے معروف صحافی ذوالفقار علی خان نے پامیر ٹائمز کے اجراء کے اغراض ومقاصد اور علاقے کیلئے آن لائن نیوز بلاکس کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔تقریب سے ’’بائٹس فار آل‘‘ کے نمائندے فرہان احمد ،سینئر صحافی عبد الرحمن بخاری اور سینئر صحافی و کالم نگار صفدر علی صفدر نے بھی خطاب کیا ۔

یاد رہے کہ پامیر ٹائمز کی جانب سے یہ ورکشاپ صرف اپنے رپورٹرز اور معاونین کیلئے منعقد کیا گیا تھا جس میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے صحافیوں نے شرکت کی ۔

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

Back to top button