آغا خان ہیلتھ سروسز کے زیر اہتمام انسداد تپ دق کے حوالے سے چٹور کھنڈ اشکومن میں تقریب کا انعقاد
چٹورکھنڈ(نمائندہ خصوصی) تپ دق کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا اہتمام،مقررین نے ٹی بی کے پھیلاؤ،علاج اور احتیا طی تدابیر کے حوالے سے گفتگو کی ،تقریب کے اختتام پر واک کا اہتمام کیا گیا ۔آغا خان ہیلتھ سروس اور ایم سی ایس ایس کے زیر اہتمام ٹی بی کے عالمی دن کے حوالے سے مقامی گیسٹ ہاؤس میں آگہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھاجس میں عمائدین علاقہ اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ٹی بی ایک جان لیوا مگر قابل علاج مرض ہے،پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہورہاہے جس کی ایک اہم وجہ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل نہ ہونا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ اس مرض میں مبتلا افراد کے علاج پر توجہ دینے سے مرض پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے نیز ماحول کی صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں سے آگہی بھی اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردارادا کرسکتے ہیں۔تقریب سے ڈاکٹر سید نور ولی شاہ ڈینٹل سرجن سول ہسپتال چٹورکھنڈ،فرمان شاہ انچارچ ٹی بی کنٹرول پروگرام،سینئیر ایل ایچ وی بی بی زار اور ایم سی سی ایس پروگرام کے سوشل موبلائزر حاجیدہ پروین نے بھی خطاب کیا۔پروگرام کے اختتام پر واک کا بھی اھتمام کیا گیا تھا۔