گوجال ہنزہ، پاک افغان سرحد پر واقع وادی چپورسن میں یوم پاکستان کی تقریب
چپورسن گوجال ( حیدر علی گوجالی) تحصیل گوجال کے خوبصورت وادی چپورسن میں یومِ پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، علاقے بھر سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور کرکٹ کا میدان پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ تفصیلات کے مطابق وادی چپورسن کے مرکزی گاؤں ریشت میں نئے تعمیر ہونے والے کرکٹ گراوؤڈ میں یوم پاکستان کے موقع پر ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کرکٹ ٹیموں کے علاوہ علاقے بھر سے سینکڑوں خواتین،بچے اور بزرگوں نے شرکت کی۔ بچے سبز ہلالی پرچم ہاتھ میں لئے گراونڈ کے ارد گرد گھومتے رہے اور بزرگ اسٹیج کے عقب میں لہراتے ہوئے پرچم کے سائے تلے اپنی ٹیموں کو داد دیتے رہے۔ خواتین کی بڑی تعداد بھی ٹورنامنٹ کے اختتام تک خواتین کے لئے بنائے گئے مخصوص پنڈال میں موجود رہیں۔ طلبہ و طالبات نے دورانِ ٹورنامنٹ ملی نغمے گا کر حب الوطنی کی فضا پیدا کیے، اور انعامات بٹورے۔ ناظرین سے پاکستان اور قیامِ پاکستان کے حوالے سے سوالات پوچھے گئے او ر انھیں انعامات سے نوازے گئے، جس میں ہر عمر کے خواتین و حضرات نے حصہ لیا۔ بلندو بالا برف پوش پہاڑوں کے درمیان چپورسن ریشت کرکٹ گراونڈ میں پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، اس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا اور قومی پرچم کو فضا میں بلند کیا۔ اس ایک روزہ ٹورنامنٹ میں ٹیموں کے درمیاں زبردست مقابلے ہوئے۔ فائنل میچ مست آباد الیون اور اسلام شاہ الیون کے درمیان کھیلا گیا، جس میں اسلام شاہ الیون نے مست آباد الیون کو دس رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فاتح رہے، اسلام شاہ الیون کے نوعمر کھلاڑی عمران نذیر کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا اور انعام سے نوازا گیا۔ اختتامی پروگرام کے مہمانِ خصوصی چیئرمین چپورسن لوکل سپورٹ آرگنائزیشن ، صاحب حیات اور میر محفل چیئرمین اسماعیلی طریقہ بورڈ چپورسن، قربان شاہ صاحب تھے۔ دیگر مہمانوں میں، میرزا محمد، غلام محمد، سبز علی، کرم علی، علی ثنا، جان محمد، علی اکبر، شاہ ولی، یوسف خان، عید محمداور عزیز کریم شامل تھے۔ انھوں نے دورانِ خطاب کامیاب ہونے والے ٹیموں کو مبارکبادی دی او ریومِ پاکستان کے موقع پر رنگارنگ پروگرام او رکرکٹ ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دی او ران کی کوششوں کو سراہا، انھوں نے نوجوان پر زور دیا کہ وہ مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل ہوکر نہ صر ف علاقے کی بلکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ آخر میں پاکستان کی استحکام اور خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ پروگرام کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ہوا۔ او رچپورسن ریشت کرکٹ گراونڈ گونج اُٹھا۔