شاہ عبدالطیف یونیورسٹی میں لوک موسیقی کا میلہ منعقد، دی ہارمونی تھئیٹر گروپ نے گلگت بلتستان کی زبردست نمائندگی کی
کراچی (علی احمد جان) شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور میں منعقد لوک میوزیکل فیسٹیول میں ’دی ہارمونی تھیٹر گروپ‘ نے گلگت بلتستان کی نمائندگی کی اور شرکاء نے خوب سراہا۔ گلگت بلتستان قدرتی حسن سے مالامال ہے ۔ اس خطے کی طرح یہاں بسنے والے لوگ بھی خوبصورت اور مہمان نواز ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور میں منعقد لوک میوزیکل فیسٹیول کے میزبان نے گلگت بلتستان کی نمائندگی کرنے والے تھیٹر گروپ کو اسٹیج پر بلانے سے قبل کیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزشاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور میں لوک میوزیکل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پاکستان کے تمام صوبوں نے ثقافتی لباس میں ملبوس اپنے صوبوں کی نمائندگی کی۔ گلگت بلتستان کی نمائندگی دی ہارمونی تھیٹر گروپ نے کی۔ اس تقریب میں ملک بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ گلگت بلتستان کا ثقافتی لباس خصوصاً ٹوپی تما م شرکاء کی توجہ کا مرکز بنی رہی ۔ گلگت بلتستان کے وفد میں احتشام خان، علی احمد جان، عنایت بیگ، یار محمد، رحمت جلال، شازیہ،ساجدہ، طارق عزیز اور رحیم شامل تھے۔ تقریب کے آخر میں یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے فنکاروں کو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔ یاد رہے کہ دی ہارمونی تھیٹر گروپ کا قیام گزشتہ سال عمل میں آیا تھا اور یہ مختلف سماجی مسائل پر تھیٹر ڈرامے کرتے ہیں۔