چترال کے آئی ٹی کیڈر ملازمین کا "کمپیوٹر آف ہڑتال” کا اعلان
چترال ( بشیر حسین آزاد ) چترال کے آئی ٹی کیڈر ملازمین نے بار بار حکومت سے مطالبات کے باوجود شنوائی نہ ہونے پر "کمپیوٹر آف "ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ چترال پریس کلب میں پیر کے روز مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی کیڈر کے ملازمین ممتاز حسین ڈی سی آفس ، شیر مراد ایجو کیشن ، محمد الیاس فنانس اینڈ پلاننگ ، عباد الرحمن ، اسرار ہیلتھ ، شہزاد فنانس وغیرہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ آئی ٹی کیڈر کے ملازمین کافی عرصے سے اپنے جائز حق کیلئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں ۔ لیکن اُن کے مطالبات پر سنجیدگی سے توجہ نہیں دی جارہی ۔ اس لئے وہ کمپیوٹر آف ہڑتال پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ میٹرک پاس ملازمین کو سکیل 5سے 11میں اپگریڈ کیا جاتا ہے ۔سینئر کلرک کو سکیل 7سے 14اور اسسٹنٹ کو 11سے16 سکیل دیا جاتا ہے ۔ لیکن صرف آئی ٹی کیڈر ملازمین ہیں جن کی تقرری گریجویشن کے شرط کے باوجودسکیل 12سے شروع ہو کر سکیل12پر ہی ختم ہوتی ہے ۔جو کہ ظلم و زیادتی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا ۔ کہ آئی ٹی کیڈر کے ملازمین اپنے دفاتر میں کمپیوٹر کے ساتھ ساتھ دیگر دفتری اُمور بھی سر انجام دیتے ہیں ۔ لیکن اس کے باوجود اُن کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ یہ بات بھی باعث تعجب ہے ۔ کہ عدلیہ کے آئی ٹی ملازمین کو انٹر میڈیٹ کی بنیاد پر سکیل 14دی گئی ہے ۔ پی ایس ٹی ٹیچرزکو سکیل 7سے 15جبکہ سی ٹی ٹیچرز سکیل 9سے 16 میں اپگریڈ ہو چکے ہیں۔ لیکن اچھی کوالیفیکیشن کے حامل آئی ٹی کے ملازمین مسلسل نظر انداز کئے جارہے ہیں ۔ اورحکومت اُن پر رحم نہیں کھاتی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ دوسرے اداروں کی طرح انہیں بھی سروس سٹرکچر دیا جائے ۔ اور انہیں سکیل 16تک اپگریڈ کیا جائے ۔