غیرسرکاری تنظیم YES نے گلگت بلتستان میں سوشل انٹرپرینورشپ ٹریننگ دینے کا سلسلہ شروع کردیا
گلگت (نمائندہ خصوصی) قومی سطح کی ایک غیر سرکاری تنظیمYES نے یوایس ایڈ کے باہمی اشتراک سے گلگت بلتستان کے نوجوانون کو تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار کمانے کا ہنر سکھانے سوشل انٹرپرینیور شپ پر کام کا آغاز کردیا ہے۔ جس کے تحت مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء کو معاشرے میں موجود مسائل کی نشاندہی کرکے ان کا حل تلاش کرنے کی تربیت فراہم کی گئی تھی جس کے بہت کم عرصے میں انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار YESنیٹ ورک پاکستان کے چیف ایگزیٹوآفیسر علی رضاخان نے بدھ کو گلگت پریس کلب میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں اس منصوبے کت تحت انہوں نے گلگت بلتستان کے پانچ اداروں سے 20منتخب اساتذہ اور طلباء کو پچاس گھنٹے کی تربیت دی تھی جنہوں نے مذید چھ سو سے زائد نوجوانوں کو سوشل انٹرپرینیور شپ کی تربیت فراہم کردی اور بعد ازاں ان تربیت یافتہ نوجوانوں سے مختلف شعبوں میں سوشل انٹرپرینیور شپ کا عملی کام بھی کروایا گیا جو کہ بہت حوصلہ افزا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے مواقع میسر نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر نوجوان منفی سرگرمیوں میں ملوث ہورہے ہیں جس کے تدارک کے لئے YESنیٹ ورک نے سوشل انٹرپرینیور شپ شروع کردی ہے۔