الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان جون میں ڈائگناسٹک سینٹر کا منصوبہ شروع کرے گا، حبیب الرحمن
گلگت(پریس ریلیز) الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان فلاحی سرگرمیوں کو مذید مستحکم کر رہا ہے، جون میں ڈائیگناسٹک سینٹرکا منصوبہ شروع کیا جائیگا، یتیم بچوں کیلئے آغوش ہوم کے پروجیکٹ کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، گلگت کے مختلف علاقوں میں صاف پانی کے منصوبے شروع ہو چکے ہیں ، آرفن کئیر پروگرام کے تحت اگلے سال تک 400 یتیم بچوں کی تعلیمی کفالت کی جائیگی، ان خیا لات کا اظہار صدر الخدمت فاونڈیشن گلگت بلتستان حبیب الرحمن نے الخدمت آرفن کئیر پروگرام کے زیر اہتمام ایوارڈ وننگ سرٹیفیکیٹ کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ الخدمت زندگی کے تمام شعبہ جات میں دکھی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتا ہے، اس موقع پر کوارڈینیٹر آرفن کئیر پروگرام اسماعیل شریعت یار نے کہا کہ یتیم طلباء کی سکالر شپ کی مد میں الخدمت سالانہ 80 لاکھ روپے خرچ کر رہی ہے، یہ رقم انتہائی شفاف طریقے سے بچوں کے گارڈئینز کے اکاونٹ میں منتقل کی جا رہی ہے، طلبہ کو سکول بیگ ، کاپیاں اور کتابوں کے علاوہ وردیاں بھی دی جا رہی ہیں ، صدر بزم روشنی وقاص نے اپنے خطاب میں کہا کہ بزم روشنی گلگت میں مختلف پروگرامز کے ذریعے طلباء کی ذہن سازی کر رہی ہے، باطل قوتیں آج ہمارے نوجوانوں کو کھو کھلا کرنے پر تلی ہوئی ہیں ، ایسے میں نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے،پروگرام میں مہمان خصوصی نگران وزیر قانون مشتاق احمد ایڈوکیٹ ، صدر الخدمت فاونڈیشن حبیب الرحمن ، امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع اور دیگر نے یتیم طلبہ میں ایوارڈ وننگ سرٹیفکیٹ، اورسکول کٹس تقسیم کئے ۔