جشن شندور کے حوالے سے منعقدہ سیمینار کا خیر مقدم کرتے ہیں، چیئر مین تنظیم تحفظ حقوق چترال
چترال (بشیر حسین آزاد) تنظیم تحفظ حقوق چترال کے چیئر مین اور پشاور میں چترال بزنس کمیونٹی کے صدر صادق امین نے گزشتہ دنوں پشاورمیں جشن شندور کے حوالے سے منعقدہ سیمینار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی بلند ترین پولوگراونڈ شندور میں فیسٹول میگا ایونٹ ہے جوکہ سیاحت کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے جس کے ساتھ ہزاروں افرادکی روزگار کا مسئلہ منسلک ہے۔ جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ اس سیمینار کا مقصد چترال اور گلگت بلتستان کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنا تھا اوراس سیمینار میں گلگت بلتستان کے پانچ صوبائی وزراء اور چترال کے ممبران صوبائی اسمبلی کی شرکت کے بعد دونوں طرف پائی جانے والے خدشات اور غلط فہمیوں کا خاتمہ ہوگیااور بین الاقوامی اہمیت کی اس جشن کو منعقد کرنے کی راہیں ہموار ہوگئی ہیں جوکہ انتہائی خوش آئند بات ہے ۔ صادق امین نے کہاکہ بعض حلقے اس سیمینار کے دوران دونوں پارٹیوں کے درمیان طے پاجانے والی مفاہمتی یاد داشت کے بارے میں تحفظات کا اظہار کررہے ہیں جو کہ ان کی معاملے کے بارے میں کم علمی کا نتیجہ ہوسکتا ہے کیونکہ باد ی النظرمیں اس ایم او یو سے شندور کو متنازعہ بنانے کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اس اہم معاملے کو سیاست کی نذر کردے تو اس اہم نوعیت کے اسپورٹس ایونٹ سے محروم ہوں گے جس سے ہمیں نقصان لاحق ہوگا۔