گلگت بلتستان

تحصیل اشکومن میں زلزلہ کیوجہ سے ایک شخص جان بحق، دو بچیوں سمیت چار افراد زخمی، متاثرین امداد سے محروم

چٹورکھنڈ(کریم رانجھا)ؔ گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں واقع تحصیل اشکومن میں زلزلہ کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ دو بچیوں سمیت چار افراد زخمی،تین گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ دو جماعت خانوں سمیت درجنوں گھروں کو جزوی نقصان پہنچا،پچاس کے قریب مویشی ہلاک ،متاثرین کو تا حال کسی قسم کی امداد نہیں ملی۔

ذرائع کے مطابق 26اکتوبر کو آنے والے ہولناک زلزلے میں تحصیل اشکومن کے گاؤں ہاسس کا رہائشی پچاس سالہ شخص حاجی بیگ جاں بحق ہوگیا جبکہ گاؤں دائین میں رہائشی عمارت کی دیوار گرنے کے باعث 65سالہ خاتون اور دو بچیاں مسمات زینت اورنازش ولد آباد خان زخمی ہوگئے ہیں جن کا سینگل میڈیکل سینٹر میں علاج جاری ہے۔زلزلے کے باعث دائین اور امین آبا د کے جماعت خانوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ۔دائین ،پراپر اشکومن اور مایون نامی گاؤں میں تین گھر مسمار ہوگئے ہیں نیز مایون کے ہی رہائشی محمود اکبر ولد دیدار خان کی زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

تحصیل بھر میں درجنوں گھروں کو جزوی نقصان کی اطلاع ہے اس کے علاوہ دائین شولجہ اور پراپر اشکومن کے مختلف مواضعات میں 50مویشی بھی ہلاک ہوچکے ہیں ۔دائین بالا کے رہائشی محمود کے مطابق اس کا گھر مکمل طور پر منہدم ہوچکا ہے اور بچوں سمیت کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہے ۔اطلاعات کے مطا بق زلزلے کو پانچ روز گزرجانے کے باوجود متاثرین کوحکومت کی جانب سے تاحال کسی قسم کی امداد نہیں ملی ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button