گلگت بلتستان

یوم آزادی گلگت بلتستان، طلباء اور سول سوسائٹی کے ممبران نے آزادی کا کیک کاٹا، بدلتے ہوۓ حالات کے مطابق آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) گلگت بلتستان کے طلباء اور سول سوسائٹی کے ممبران نے یوم آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا. یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور یکم نومبر کے حوالے سے مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا. اپنے خطاب میں سابق نگران وزیر عبدالجہاں، معروف تاجر رہنما راجہ ناظم ، سول سوسائٹی کے ممبر کامل جان بیگل اور زعیم ضیاء نے کہا کہ گلگت بلتستان ہم سب کی پہچان ہے، وہ علاقہ جہاں کسی وقت آمدورفت محدود اور پورا خطہ دنیا کے نظروں میں گمنام تھا، مگر اب یہاں کے باسیوں نے پاکستان سمیت عالمی سطح پر نہ صرف اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے، بلکہ پوری دنیا یہاں کے باسیوں کو مہذب ترین قوموں میں شمار کرتی ہے. ترقی کا یہ عمل ابھی رکا نہیں ہے، بلکہ تیزی سے نئی منزلوں کی طرف رواں دواں ہے. انھوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے جس بے سروسامانی کے عالم میں جنگ لڑا تھا، یہ ہم سب کے لیے آج بھی قابل تقلید ہے. آج بھی گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیں مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے. وسط ایشیا اور عالمی سطح پر گلگت بلتستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو دیکھ کر بالعموم یہاں کے عوام الناس اور بلخصوص یہاں کی نئی نسل کو اپنی ترجیحات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے. پاک چین اکنامک کوریڈور کے بعد اس خطے کی اہمیت مزید دگنی ہو جائے گی، جس کے لیے ہمیں بغیر وقت ضائع کئے تیاریاں شروع کرنے کی ضرورت ہے. انھوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوۓ کہا کہ وقت کے تقاضوں کے مطابق آپ کو چینی زبان، تجارت کے بدلتے طریقوں کو سمجھنے سمیت ایسے شعبوں کو اپنانا ہوگا، جن میں مستقبل قریب میں ترقی کے زیادہ مواقعے موجود ہوں. انھوں نے مزید کہا کہ اگر گلگت بلتستان کی آزادی کے بعد ہمارے قائدین نے کچھ غلطیاں کی ہیں یا آئینی و دیگر مسائل کا سامنا ہے تو ایسے مسائل کے حل کے لیے ہمیں سیاسی، مسلکی، علاقائی و دیگر اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک مشترکہ موقف اپنانا ہوگا. اور مل جل کر مقصد کے حصول تک جدوجہد کرنا ہوگا. یوم آزادی کی تقریب میں گلگت بلتستان کے طلباء اور سول سوسائٹی کے ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی. جنھوں نے اس موقعے پر اس عزم کا اعادہ بھی کیا وہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنے اپنے صلاحیتوں کو بروئے کار لائینگے اور اسی مہینے قائداعظم یونیورسٹی کے طلباء کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان کے یوم آزادی کو شاندار طریقے سے منایئں گے.

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button