متفرق

ریڈیو پاکستان سکردو کی سٹیشن ڈائریکٹر کا تبادلہ ہو گیا

سکردو(سٹی رپورٹر) ریڈیو پاکستان سکردو کی سٹیشن ڈائریکٹر کوثر ثمرین کا اسلام آباد تبادلہ ہو گیا۔ معروف شاعرہ و براڈکاسٹر کوثر ثمرین گذشتہ دو سال سے بحیثیت سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو سکردو پر کام کر رہی تھی، اس دوران انہوں نے اپنے تجربات کی بنیاد پر ریڈیو سکردو کے پروگرامز سائیڈ اور انتظامات کو بہتر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی انتھک محنت کے باعث ریڈیو سکردو سے کے سامعین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا، انہوں نے اہم قومی و مذہبی ایام کو شایان شان طریقے سے منانے کی شاندار روایت کو زندہ کیا جبکہ مقامی ادب و ثقافت کو فروغ دینے کیلئے بھی پروگرامز ترتیب دیئے۔ مقامی شعر و ادب کے فروغ کیلئے بھی وقتاً فوقتاً مشاعروں کا انعقاد کیا جبکہ اہم سیاسی و سماجی شخصیات کا ریڈیو سکردو سے رشتہ بحال کرایا۔ کوثر ثمرین نے فوجی بھائیوں کے لئے پروگرام پاسبان کا آغاز کیا جو اس وقت ریڈیو سکردو کا مقبول عام پروگرام ہے۔ انہوں نے ریڈیو پر کام کرنے والوں کی زبان و بیان کو بہتر کرنے پر بھی خوب توجہ دی۔ ان کے دور میں ریڈیو سکردو کی آواز انٹرنیٹ کے ذریعے پوری دنیاتک پہنچنے لگی۔ دوسری طرف انہوں نے سرکاری وسائل کے درست استعمال کی روایت ڈالنے کیلئے ملازمین سے سختی سے کام بھی لیا جس کی وجہ سے ایک طرف کام کا معیار بلند ہوا تو دوسری طرف آرام پسند ملازمین ان کے خلاف ہو گئے اور ہیڈ کوارٹر کو آئے روز ان کے خلاف خطوط لکھنے کا سلسلہ جاری ہوا وہ کوثر ثمرین نے ان حالات کا جواں مردی سے مقابلہ کیا اور اپنا ٹینورپورا کیا۔ ان کا تبادلہ یقیناًریڈیو سکردو کیلئے نقصان کا باعث ہو گا تاہم وہ عنقریب اسلام آباد میں اہم ذمہ داری سنبھالیں گی۔ عوام حلقوں خصوصا ریڈیو کے سامعین کوثر ثمرین کے تبادلہ پر نالاں ہیں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کوثر ثمرین کی جگہ انہی کی طرح محنتی اور پروفیشنل شخص کو بطور سٹیشن ڈائریکٹر تعینات کیا جائے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button