گلگت بلتستان میں مکمل طور پر فعال محکمہ اطلاعات کی اشد ضرورت ہے، صوبائی وزیر اطلاعات
گلگت (پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات و تعلیم گلگت بلتستان ابراہیم ثنائی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مکمل طور پر فعال محکمہ اطلاعات کی اشد ضرورت ہے تاکہ علاقے میں میڈیا کی ترقی کے لیے دن رات کام کیا جا سکے۔ انہوں نے صوبائی سیکریٹری سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن و اطلاعات محمد جہانزیب اعوان کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد گلگت بلتستان میں مکمل فعال ریجنل آفسز اور محکمہ اطلاعات کے ڈائریکٹریٹ کے قیام کے لیئے پروپوزل تیار کریں تاکہ مستقل ملازمین کی بھرتی کی جا سکے اور ادارے کو مضبوط کیا جا سکے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے محکمہ اطلاعات میں ایک اہم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ ادارے مضبوط ہوں اور علاقے کے مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ میٹنگ میں صوبائی محکمہ اطلاعات کے ڈپٹی ڈائریکٹر فاروق احمد نے اپنے ادارے کے بارے میں وزیر اطلاعات کو بریفنگ دی اور کہا کہ چونکہ ادارہ ایک پراجیکٹ کے طور پر کام کر رہا تھا اس لیئے ماضی میں ادارے کو کافی مشکلات درپیش آتی رہی ہیں اور اب چونکہ صوبے میں اطلاعات کے شعبے کو ترقی دینے کی ضرورت ہے اس لیئے اس ادارے کے ڈویژن اور صوبائی دارلحکومت میں مزید دفاتر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان، انفارمیشن آفیسرز منیر اے جوہر،ملک مشرف حسین اوردیگر تمام سٹاف نے بھی شرکت کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر برائے اطلاعات نے ادارے کے ملازمین کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ادارے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی تاکہ ملازمین تندہی سے اپنے امور سر انجام دے سکیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ حکومتی اشتہارات کو جاری کرنے کے طریقہ کار میں مزید بہتری کی گنجائش ہے جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعا ت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا ادارہ مقامی میڈیا سے بھر پور تعاون جاری رکھے گا تاکہ مقامی میڈیا انڈسٹری کی ترقی میں حکومت اپنا مثبت کردار ادا کر سکے۔