کلریکل ایسوسی ایشن گلگت بلتستان نے بھی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا
گلگت( فرمان کریم) کلریکل ایسوسی ایشن گلگت بلتستان نے بھی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ کلریکل ایسوسی ایشن نے آج 22دسمبر سے مطالبات حل نہ ہونے کی صورت میں علامتی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ صدر کلریکل ایسوسی ایشن گلگت بلتستان محمد بہادر نے ہمارے نمایندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں 1300سے زاید کلرک مختلف سرکاری اداروں میں گزشتہ 32سالوں سے ایک ہی سکیل پر کام کررہے ہیں۔ کئی سالوں سے ان کی اپ گریڈیشن التواء اکاشکار ہے۔ کئی دفعہ احتجاج اور درخواست کرنے کے باوجود ہمارے جائز مطالبات پر کوئی عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر اور خیبر پختواہ طرز پر گلگت بلتستان کے کلریکل سٹاف کو اپ گریڈ کیا جائے۔ مذید اُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے 22دسمبر تک ہمارے مطالبات کے حل میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں پورے گلگت بلتستان میں مکمل قلم چھوڑ ہڑتال کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ اور چند گھنٹوں کے لئے دفتروں کو تالہ بند کرکے علامتی ہڑتال کیا جائے گا۔ اور آیندہ کے لئے لحہ عمل مرتب کیا جائے۔