یوتھ لون اسکیم کے زریعے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جائیگا، صوبائی وزیر اطلاعات
گلگت( پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات و تعلیم حاجی محمد ابراہیم ثنائی نے کہا ہے کہ یوتھ لون سکیم کے زریعے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جائیگا۔ 5ارب 80کروڑ روپے یوتھ سکیم کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ قرضوں کی فراہمی میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی۔ میرٹ پر اترنے والے افراد یوتھ اسکیم سے مستفید ہونگے۔ سیاسی مخالفت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے برابری کی بنیاد پر قرضوں کی فراہمی ہوگی۔ اس پروگرام کے تحت 21سے 45سال تک کے مرد اور خواتین 20لاکھ روپے تک قرضہ لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے 6منصوبوں پر کام شروع کرینگے۔ صوبائی حکومت نیک نیتی کے ساتھ خطے کی تعمیر و ترقی، نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے ،تعلیم اور صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے۔ یوتھ لون سکیم کے تحت نوجوانوں کو ہنر سکھانے کیلئے 1ارب 97کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ نوجوان یوتھ لون سکیم سے استفادہ ہورہے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے منشور پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مفاد عامہ کے منصوبوں پر دن رات کام کررہی ہے۔ صوبائی حکومت اپنے قیام امن اور خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام سیاسی و سماجی پارٹیاں علاقے کے وسیع تر مفاد کیلئے علاقائیت ،تعصبات ،مذہب ،قومیت اور لسانیت سے بالاتر ہوکر کام کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرن شپ کے دوران 12ہزار روپے ماہانہ دیا جائیگا ۔