معیشت

اسسٹنٹ کمشنر چلاس عملے سمیت ٹرانسپورٹ اڈہ پہنچ گئے، مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا، حل کرنے کی یقین دہانی کروائی

چلاس(مجیب الرحمان)ٹرانسپورٹ اڈے میں سہولیات کے فقدان کی خبر اور ٹرانسپورٹرز کے احتجاج کی کال ،اسسٹنٹ کمشنر چلاس خرم پرویز عملے سمیت ٹرانسپورٹرز اڈہ پہنچ گیا۔اڈے میں مشکلات اور مسائل سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا۔اڈے میں موجود مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل دریافت کئے۔اور موقع پر ہی متعلقہ اداروں کو فوری طور پر مسائل حل کرنے کے احکامات صادر کئے۔انہوں نے واٹر ٹینک کی چھت ،اڈے کو ہموار کرنے اور خواتین کے لئے ویٹنگ روم کی تعمیر مکمل کرنے سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کے احکامات صادر کئے۔اسسٹنٹ کمشنر نے ترجیحی بنیادوں پر اڈے کی تعمیر اور تزئین و آرائش سمیت تمام کام فوری طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کا بھی حکم دیا۔ٹرانسپورٹرز کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ ٹرانسپورٹرز اور عوامی مسائل کا حل انکی اولین ترجیح ہے۔وہ اپنے فرائض سے ہر گز غافل نہیں ہیں۔عوامی مشکلات کے خاتمے کے لئے اقدامات اور سہولیات کی فراہمی انکی اولین ترجیح ہے۔چلاس ٹرانسپورٹ اڈہ پورے دیامر کا دل ہے۔اس دل کو مثالی بنائینگے۔اور چلاس شہر کو مثالی شہر بنانے کے پلان پر دن رات کام جاری رکھیں گے۔عوام کسی بھی مسئلے کو بلا جھجک ہمیں بتائیں تاکہ فوری طور پر اس کا ازالہ کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ چیف آفیسر بلدیہ عبدالقادر اور تحصیلدار تنویر احمد نائب تحصیلدار شیخ فرید و دیگر بھی موجود تھے۔بعد ازاں ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے راہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات اور یقین دہانی پر احتجاج کی کال واپس لے لی۔اور امید ظاہر کی کہ اسسٹنٹ کمشنر عوام اور ٹرانسپورٹرز کی فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرینگے۔عوامی حلقوں نے بھی اسسٹنٹ کمشنر کے دورے کو مثبت قرار دیا۔اسسٹنٹ کمشنر کے احکامات پر اڈے کے تعمیراتی کام کا بھی آغاز کر دیا گیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button