ماحول

گلگت بلتستان میں رواں سال 15 لاکھ درخت لگائے جائیں گے، حکومت جنگلات کے تحفظ کے لئے سنجیدہ ہے: محمد وکیل، وزیر جنگلات و ماحولیات

چلاس:(ایس ایچ غوری سے )وزیر جنگلات وماحولیات گلگت بلتستان محمد وکیل نے کہا ہے کہ رواں سال گلگت بلتستان میں 15لاکھ درخت لگائے جائیں گے ۔ہماری حکومت جنگلات کے تحفظ کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے اور وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر ایک تیس سالہ منصوبہ منظوری کے آخری مراحل میں ہے اس کے علاوہ صوبائی حکو مت بھی فارسٹ فورس کی تشکیل اور جنگلات کے تحفظ کے ایک اہم منصوبے پر کام کر رہی ہے ۔جس کے تحت 350 لوگوں کو روزگار بھی دینگے اور جنگلات کی حفاظت بھی یقینی ہوگی ۔قدرتی جنگلات کا تحفظ اور نئے درخت لگانا تمام اداروں اور اور افراد کا قومی اور مذ ہبی فریضہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج چلاس میں شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر کنزرویٹر فارسٹ گلگت ریجن ولایت نور ڈپٹی کمشنر دیامر عثمان احمد ،ایس پی دیامر دانشور خان ،صدر مسلم لیگ (ن) دیامر عبدالوحید ،چیف انجئینر واپڈا ،پرنسپل کیڈٹ کالج چلاس سمیت ضلعی محکمہ جات کے سربراہان ،طلباء اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات کی اہمیت روزبروز بڑھتی جا رہی ہے کیو نکہ ترقی کے ساتھ ساتھ ہم اپنے ماحول کو بھی آلودہ کر رہے ہیں ۔کسی بھی ملک کیلئے کم از کم اسکے رقبے کا 25%پر جنگلات ہو نا انتہائی ضروری ہے لیکن پو رے ملک میں یہ تناسب صرف 4.8%ہے اور گلگت بلتستان میں 9% ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات نے رواں سال ضلع دیامر میں تین لاکھ پودہ جات لگانے کا ہدف رکھا ہے ۔اس مہم کی کامیابی کا انحصار ہم سب کی محنت اور اخلاص پر منحصر ہے ۔عوام الناس زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر شجر کاری مہم کو کامیاب بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ اللہ رسول اور اپنی آنیوالی نسل کے لئے جنگل کی حفاظت کریں انہوں نے کہا کہ روزی کا زریعہ صرف جنگلات نہیں ہیں بلکہ روزگار کے لئے کوئی اور زریعہ تلاش کریں اب جنگل کسی صورت کٹنے نہیں دینگے۔انہوں نے کہا کہ امسال جتنے درخت لگائے جائینگے اس کی آبیاری ہر صور ت یقینی بنائی جائیگی اگر ایک بھی درخت کم ہوئی تو متعلقہ آفیسر کے خلاف ایکشن لینگے۔

انہوں نے کہا کہ جنگلات کی غیرقانونی کٹائی کرنے والے افراد اپنی کیسوں کا فیصلہ کرائیں ورنہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات میں سفارش کلچر کا مکمل خاتمہ کرکے دم لونگا انہوں نے والدین اور حکام سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہر صورت تعلیم دلائیں تاکہ آنے والے دور کا مقابلہ کرسکیں۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے ڈپٹی کمشنر دیامر عثمان احمد خان نے کہا کہ جنگلات کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔جنگل کی بے دریغ کٹائی سیلاب کا سبب بن رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فارسٹ ورکنگ پلان میں جنگلات کے تحفظ اور ری جنریشن پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔کنزویٹر فارسٹ ولایت نور نے کہا کہ رواں سال شجر کاری مہم کے دوران لوگوں کو اعلیٰ نسل کے قیمتی پو دے مفت سپلائی کیئے جائیں گے ۔لو گوں میں درخت کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے شعور اجاگر کر نے کی ضرورت ہے ۔صوبائی محکمہ جنگلات ،جنگلات کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے ۔

ڈویژنل فارسٹ آفیسر چلاس محمود غزنوی نے کہا کہ چلاس ڈویژن میں شجرکاری کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے انشاء اللہ صوبائی حکومت کی طرف سے چلاس ڈویژن کو جو ٹارگٹ دیا گیا ہے اس کو مکمل کیا جائے گا۔ بعد ازاں وزیر جنگلات محمد وکیل نے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ کیڈٹ کا لج کے احاطے میں پو دہ لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button