لواری سنو جیپ ریلی اختتام پذیر؛ رنگا رنگ تقریب کا انعقاد، ہر سال ریلی منعقد کرنے کا اعلان 

لواری سنو جیپ ریلی اختتام پذیر؛ رنگا رنگ تقریب کا انعقاد، ہر سال ریلی منعقد کرنے کا اعلان 

10 views
0
Share on FacebookTweet about this on TwitterShare on LinkedInPin on PinterestShare on Google+

دیر بالا (بشیر حسین آزاد )جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل نادر خان نے کہا ہے کہ لواری ٹنل پر سنو جیپ ریلی کا انعقاد دیر اور چترال کی عوام کیلئے ایک تاریخی کامیابی اور دنیا کیلئے امن کا پیغام ہے۔ لواری ٹاپ پر اپنی نوعیت کے پہلے سنو جیپ ریلی کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل نادر خان نے کہا کہ یہ تقریب لواری ٹاپ کے تاریخ میں پہلی بار سال بھر کھلا رکھنے کی خوشی اور یادگار کے طور پر منعقد کی گئی ہے جس کی کامیابی کا سہرا پاک فوج کو جاتا ہے۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی صاحبزاد ہ طارق اللہ ، ڈی آئی جی مالاکنڈڈویژن آزاد خان ، بریگیڈئیر عامر ، ضلع ناظم فصیح اللہ خان ، ڈی سی دیر اپر ذکاء اللہ خٹک اور اعلی سول اور فوجی افسران کے علاوہ معززین علاقہ اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔یہ ریلی پاک فوج اور حکومت خیبر پختونخوا کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں دیربالا ، چترال اور ملک بھر سے سیاحوں نے جوش و خرش سے شرکت کیں او ر اب یہ جیپ ریلی ہر سال منعقد ہوتی رہے گی ۔ جی او سی نے مزید کہا کہ یہ جیپ ریلی ایسی ٹاپ پر منعقد کی گئی ہے جس کے شمال میں چترال اور جنوب میں اپر دیر کے علاقے آباد ہیں اور یہ علاقے تاریخ میں ہمیشہ شدید برفباری کی وجہ سے موسم سرما میں منقطع رہتے تھے اور شدید برفباری کے باعث لوگوں کا لواری ٹاپ سے آنا جانا اور رابطہ منقطع رہتا تھا ۔ اس راستے کا شمار دنیا کے خطر ناک ترین راستوں میں ہوتا ہے لیکن اب پاک فوج کی کوششوں سے اسی خطر ناک روڈ پر ایک لطف انگیز مہم سر کی گئی ۔ یاد رہے کہ یہ ریلی چار حصوں پر مشتمل تھی اور اس ریلی کا کل فاصلہ 21کلومیٹر تھا ۔ ریلی کا یہ ٹریک لواری ٹاپ پر لواری ٹنل کے گردونواح میں منتخب کیا گیا ۔ یہ جیپ ریلی سطح سمندر سے 10,230فٹ کی بلندی پر وقوع پذیر ہو ئی۔تقریب کے اختتام پر جی او سی نے پوزیشن ہولڈر میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
اس سال موسم سرما میں لواری ٹاپ کا آمدروفت کیلئے کھلا رہنا پاک فوج کی انتھک محنت اور جد وجہد کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ جس سے چترا ل اور دیر کی عوام کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے سیاحوں نے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔اس ریلی کے انعقادسے بین الاقوامی سطح پر سیاحوں کیلئے مزید کشش کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں ، جس سے امن وامان کے ساتھ ساتھ سیاحت کو دن دگنی اور رات چوگنی ترقی نصیب ہوگی ۔ جیپ ریلی کا انعقاد اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اب اس خطے میں مکمل امن وامان بحال ہو چکا ہے قومی اور بین الاقوامی سیاح، سیاحت کیلئے پہلے سے کہیں بڑھ کر اس خطے سے لطف اندازو ہو سکتے ہیں ۔

Share on FacebookTweet about this on TwitterShare on LinkedInPin on PinterestShare on Google+

آپ کی رائے

comments

About author

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔