کالمز

رقم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں 

بابا مخبر خان ،عمر کے اس پٹے میں ہیں کہ جہاں انہیں اپنی آخرت کی فکر لاحق ہونی چاہئے،لیکن ٹس سے مس نہیں ،ان کی زندگی کا مقصد بس ایک ہی ہے کہ مخبریاں کریں ،بابا کی عمر کو دیکھتے ہوئے میں ان کا احترام کرتا ہوں اسی احترام کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ مجھے مخبریاں سنا کر اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرتے ہیں ،میں اکثر ان کی مخبریوں کو خاطر میں نہیں لاتا ہوں ،،،کل ہی کی بات ہے ،بابا مخبر خان کے گال سرخ توآنکھیں انگارے برس رہی تھیں ،غصے سے لال پیلے ہورہے تھے ، مجھے دیکھتے ہی چلانے لگے ،یہ کیا ہو رہا ہے ،میں ڈر گیا اللہ خیر کرے ،،بابا چلائے ،میں نے کہا، ہو کیا رہا ہے بابا آپ کو نظر نہیں آرہا کہ بارشوں نے تباہی مچائی ہے گلگت بلتستان کی تاریخ کی بڑی تباہی ہوئی ہے ،بابا ،چلائے چپ ،میں تمہیں اپنا ہمدرد سمجھ رہا تھا ،تو بھی میرے درد کو سمجھنے سے قاصر ہے ،میں نے کہا بابا آخر ہوا کیا ہے کچھ تو کہو،بابا ،بابا کہنے لگے گلگت بلتستان میں عوام تاریخ کی سب سے بڑی مصیبت میں گرفتار ہیں، عوام کے منتخب نمائندے ان کا دکھ درد بانٹنے کے بجائے ، مبینہ طور پر کونسل کے انتخابات میں جماعتوں کے نظریاتی رہنماؤں کے بجائے بڑے بڑے کاروباریوں اور بیرون ملک سے اقتدار کا حلوہ کھانے والوں کو کہتے ہیں ،رقم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں ،،ممبران اسمبلی دن کی روشنی میں متاثرین بارش کے ساتھ تصویریں بناتے ہیں تورات کے اندھیروں میں ان کے ڈیروں پر بڑے بڑے کاروباری کونسل کے انتخابات میں ووٹ کیلئے سودے کرتے ہیں ،دو دن پہلے تکِ ،،منڈی ،،کا ریٹ ایک کروڑ تک پہنچ گیا تھا جبکہ اب اطلاعات ہیں کہ منڈی کے ریٹ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں ، ممبران اسمبلی جو مختلف جما عتوں کے ٹکٹ سے منتخب ہو کر آئے ہیں انتخابات کے دنوں میں گلے پھاڑ پھاڑ کے نعرے لگا رہے تھے کہ ،قائد قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں،ان کے نعرے نوٹوں کے بریف کیس کو دیکھتے ہی بدل گئے ہیں ،کونسل کے انتخابات تک ان کا نعرہ ہے ،کاروباریو رقم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں ،بابا اپنی تقریر جھاڑ رہے تھے تو میں نے ٹوکا بابا ان باتوں کا آپ کے پاس کوئی ثبوت بھی ہے ؟بابا غصے سے لال پیلے ہوگئے ،آپ مجھ سے ثبوت مانگتے ہو ،؟آپ اندھے ہو ،بابا اس میں اندھا ہونے کی کون سی بات ہے ،بابا پھر چلائے ،جماعتوں کے نظریاتی کارکن جنہوں نے ان جماعتوں کیلئے اپنی جوانیاں لٹائی ہیں اب اگر یہ ممبران اسمبلی انہیں خاطر میں نہ لاتے ہوئے بیروں ملک سے آئے ہوئے ، مختلف کاروباریوں اوربریف کیس مافیا کے کونسل انتخابات میں کاغذات جمع کرنے کیلئے تائید کنندہ اور تجویز کنندہ بنے ہیں تو کیا انہیں اس کے بدلے رقم نہیں تو جنت کا ٹکٹ ملے گاَ،،،،،

میں نے کہا بابا یہ خبر تو عام ہو چکی ہے کہ بہت سے ممبران اسمبلی بریف کیس مافیا کو پیارے ہو چکے ہیں لیکن اب سوال یہ ہے کہ ممبران اسمبلی اپنے پارٹی ٹکٹ ہولڈر کے علاوہ کسی اور کوووٹ کاسٹ کر سکیں گے ؟ ان ممبران اسمبلی کی حاجتیں اسی صورت پوری ہوں گی کہ بریف کیس مافیا کو پارٹی ٹکٹ مل جائے لیکن ایسا ممکن نہیں اور کیا پارٹی اپنے نظریاتی کاکنوں کو نظر انداز کر ے گے ،ایسا ہو نہیں سکتا ،،،بابا پھر کہنے لگے ہونا کیا ہے ،اول تو جوممبران اسمبلی بریف کیسوں کو پیارے ہو گئے ہیں ان کی کوشش ہے کہ ٹکٹ بھی بریف کیس مافیا کو مل جائے ،قوی امکان ہے کہ بریف کیس مافیا کو ہی ٹکٹ مل جائے ،اگر یہ اس کوشش میں کامیاب نہ ہوں تو انتخابات والے دن یہ ممبران اپنے اپنے ووٹ بریف کیس مافیا کو دیں گے ،ایسا ہونے پر ان کے خلاف پارٹی قواعد کی خلاف ورزی پر مواخذے کا اعلان ہوگا ،انکواریاں ہوں گی ،کچھ دن کے بعد یہ سب انکواریاں اور مواخذوں کے اعلانات ہوا میں تحلیل ہوں گے ،بریف کیسوں کے نوٹ ہضم ہوتے ہی پھر سے نعرہ بلند ہو گا قائد قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں ،یہ کہتے ہی بابا اٹھ کر جانے لگے تو میں نے کہا بابا آپ نے اپنی تقریر تو جھاڑ دی اب میری بھی سنو ،میں آپ کی تقریر کے خلاف دلائل دے سکتا ہوں ،بابا زور زور سے قہقہے لگاتے ہوئے کہنے لگے اپنے دلائل اپنے پاس رکھو مجھے خبر ہے آپ ان ممبران اسمبلی کی پارسائی کی کہانیاں سناؤ گے ،اب اپنی تقریر اور اپنے دلائل اپنے پاس رکھو کونسل کے انتخات کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ کون کتنا پارسا ہے ،یہ کہتے ہی بابا یہ گئے تو وہ گئے غائب ہی ہو گئے ،،اب مجھے خبر ہے کہ بابا کونسل انتخابات سے پہلے میرے پاس نہیں آئیں گے ،انتخابات کے بعد تو سب کچھ واضح ہوگا کہ بابا کی مخبریاں سچی ہیں کہ نہیں ،،

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button