متفرق

حسن آباد ہنزہ کے 112 گھرانے تا حال بے یارومددگار، ایک ماہ سے کھیتوں کو پانی نہیں ملا ہے

 ہنزہ (اکرام نجمی) ہنزہ حسن آباد ہرم گاوٗں جوکہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ریڈ زون قرار دیا گیا تھا اس گاوٗں کے12 1گھرانوں کو پانی فراہم کرنے والے کوہل 1800 فٹ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے جو بڑے بڑے پتھر اور مٹی کے تودوں تلے دب چکا ہے مقامی رہائشی صاف پینے کے پانی اور کھیتوں کیلئے پانی کی بحالی کے سلسلے میں مسلسل اپنی مدد آپ کے تحت کام کررہے ہیں اور فی گھرانہ 3000روپوں کی شرح سے فنڈز جمع کرکے خطرناک علاقے میں ایکسکیویٹر مشین کے زریعے کوہل کو دوبارہ تعمیر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

مقامی لوگوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے اب تک محض یقین دہانیوں کے سوا کچھ نہیں ملاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے فوری بعدہم نے مقامی انتظامیہ کے زمہ داران اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو حالات سے آگاہ کیا تھا اس کے بعد گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان اور ممبر قانون ساز اسمبلی رانی عتیقہ نے موقعے کا دورہ کرکے مدد کی یقین دہانی کی تھی،  جبکہ وزیر تعمیرات ڈاکٹر اقبال نے بھی خود دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا تھا مگر ان تمام عہدہ داروں کے یقین دہانیوں کے باوجو د اب تک کسی قسم کی مدد عوام کو نہیں ملی ہے۔ علاقے کے محکمہ تعمیرات کے ایگزیکٹیو انجینئر نے ان تمام احکامات کے باوجود فنڈ نہ ہونے کا بہانہ بناکر مسلسل ٹال رہاہے اور اب مکمل طور پر کسی بھی قسم کے مدد سے انکار کرنے لگا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان ،  وزیر اعلی گلگت بلتستان اور وزیر تعمیرات ڈاکٹر اقبال سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ہماری زمینوں کو تباہ ہونے سے بچانے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کردے، کیونکہ اس زرعی اراضی کے سوا ہمارے پاس اور کوئی زریعہ نہیں ہے۔ درخت بھی سوکھنے لگے ہیں اور فصلیں بھی تباہ ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی عہدہداروں کے دورے اور فوٹو سیشن کی اس علاقے کو ضرورت نہیں بلکہ غریب عوام کو اس مصیبت کی گھڑی میں عملی مدد کی ضرورت ہے جس سے اس علاقے کے عوام اب تک محروم ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button