متفرق

تحریک آزادی کشمیر میں امان اللہ خان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، مقررین کا تعزیتی تقریب سے خطاب

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک آزادی کشمیر میں امان اﷲ خان کا کردار ناقابل فرموش اور قابل تحسین ہے ۔امان اﷲ خان اس خطے میں واحد قومی رہنماء تھے جو کشمیر کے تمام خطوں میں یکساں مقبول اور قابل قبول تھے۔ان کی 70 برس کی جدوجہد کشمیروں کی آزادی اور حقوق پر مبنی ہے ۔ان خیالات کا اظہارجموں کشمیر لیبریشن فرنٹ کے رہنماء ڈاکٹر توقیر گیلانی ،جاوید حنیف ،آزاد ایڈووکیٹ ،خواجہ محمد عبداﷲ ،سینئر صحافی عبدالجبار ناصر،زرین ایڈووکیٹ،جماعت اسلامی آزاد کشمیر سندھ زون کے صدرعبدالحمید خان ،تحریک انصاف آزاد کشمیر سندھ زون کے رہنماء سردارمقصود زمان ،جموں کشمیر کانفرنس کے عبدالرشد ڈار ،عوامی ورکرز پارٹی کے نثار شاہ، اسماعیل میر ، ،راشد عظیم، اور دیگر مقررین نے تحریک آزادی کشمیرکے عظیم حریت پسند رہنماء اور جموں کشمیر لیبریشن فرنٹ کے بانی و سر پرست اعلیٰ امان اﷲ خان مرحوم کی یاد میں گذشتہ روز کراچی پریس کلب میں تعزیتی اور دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرسینئر صحافی نزیر لغاری، کراچی بار کے سابق صدر صلاح الدین گنڈا پوراورتحریک آزادی کشمیر سے منسلک قائدین ،دانشور ،صحافی ،وکلاء سیاسی و سماجی، مذہبی رہنماء اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ امان اﷲ خان نے1950ء سے اپنی موت تک مسلسل جدوجہد جاری رکھی ،یہی وجہ ہے کہ آج وہ قوم کے متفقہ قائد اور رہنماء ہیں جن کو ریاست جموں و کشمیر کے تمام خطوں میں مقبولیت حاصل ہے۔مورخ جب بھی تاریخ لکھے گا امان اﷲ خان کے کردار اور ان کی جدوجہد کے ذکر کے بغیر اس کی تاریخ مکمل نہیں ہوگی۔مقررین نے کہا کہ جو لوگ امان اﷲ خان کے جدو جہد اور سوچ سے واقف نہیں ہیں وہ منفی پرو پیگنڈا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امان اﷲ خان اس خطے کے واحد رہنماء تھے جنہوں نے سیاسی ،عسکری ،سفارتی،صحافتی ،سماجی اور دیگر شعبوں سے منسلک رہ کر تحریک آزادی کشمیرکے لئے جدوجہد کی ہے۔ کشمیر کی آزادی ان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب تھا۔مقررین نے کہا کہ امان اﷲ خان 1988 ء میں مقبوضہ کشمیرمیں شروع ہونے والی جدو جہد آزادی کے سب سے بڑے کمانڈر اور قائد تھے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button