متفرق

ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے وفد کی وزیر اعظم آزاد کشمیر سے ملاقات

میرپور(کریم رانجھا)  وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے غذر پریس کلب کے وفد سے ملاتات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ماضی میں بھی صوبائی سیٹ اپ دینے پر صدر آصف علی زرداری سے پرزور احتجاج کیا تھا اور اب بلاول زرادری بھٹو کو بھی گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کریں گے ۔ جغرا فیائی صورتحال نے گلگت بلتستان اور آذاد کشمیر کے درمیان دوریاں ضرور پیدا کردی ہیں لیکن آذاد کشمیر کے عوام جی بی کے ساتھ والہانہ محبت رکھتے ہیں گلگت بلتستان اور آذاد کشمیر ایک ہوجائیں ہم صدر اور وزیر اعظم کا انتخاب گلگت بلتستان سے کرنے کے لئے تیار ہیں خیبر پختونخواہ گلگت بلتستان کے حدود میں تجاوزات سے باز رہے ہم اپنی ایک انچ زمین بھی کسی کو دینے کے لئے تیار نہیں ہیں شندور اور بھاشا ڈیم کے مقامات پر تجاوزات اور ناانصافی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔ میں نے گلگت بلتستان کے حدود پر ناجائز تجاوزات روکنے کے لئے خیبر پختونخواہ کی حکومت سے بات بھی کی ہے۔گلگت بلتستان کے عوام بھاشا ڈیم کی رائیلٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے ۔ دیامیر بھاشا ڈیم کی رائیلٹی پر گلگت بلتستان کے عوام کا مکمل حق ہے پوری کشمیرقوم اس معاملے پر جی بی کے موقف کی پشت پناہی کریگی۔رائیلٹی کے حصول کے بعد گلگت بلتستان معاشی طور پر خوشحال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کانا ڈویژن کی غلامی سے نکل آئے ہیں ماضی میں کشمیر ا فزز کا ایک سیکشن آفیسر حکم چلاتا ہے اور اب میں کشمیر افئیرز کے احکا مات کو اپنے جوتوں کی نوک پر بھی نہیں رکھتا ہوں گلگت بلتستان میں آئینی اصلاحات کو کریڈٹ بھی پاکستان پیپلزپارٹی کوجاتا ہے آذاد کشمیر میں پی پی پی کی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں ترقیاتی منصوبوں کاجال بچھایا ہے بہترین عوامی خدمت کے بدولت آنے والے انتخابات میں بھر پور طریقے سے کامیاب ہوکر ایک بار پھر حکومت بنائیں گے ۔ میری دلی خواہش تھی کہ میں گلگت بلتستان کا دورہ کروں لیکن کئی بار موسم کی خرابی نے پروگرام تبدیل کرنے پر مجبور کردیا اور کئی باردیگر مصروفیات آڑے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ آذاد کشمیر کی تمام تعلیمی اداروں میں جی بی اور فاٹا کے طلباو طالبات کا کوٹہ بڑھا دیا ہے آذاد کشمیر میں کئی کالجز اور میڈیکل کالج تعمیر کئے جاچکے ہیں میر پور میں میڈیکل یونیورسٹی کاقیام ایک انقلابی قدم ہے ہماری خواہش تھی کہ شونٹر استور روڈ کی تعمیر پر کام شروع ہو لیکن بدقسمتی سے وفاقی حکومت نے ہماری فنڈز روک دئے جس باعث یہ اہم منصوبے پر کام شروع نہیں ہوسکا ۔ اقتدار میں آنے کے بعد یہ منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے صحافت معاشرے کا اہم ترین ستون کہلاتا ہے اپنے قلم کے زریعے معاشرے کی بہتری کے لئے بھر پور جدوجہد کریں ۔ پاکستان میں طویل عرصے تک ڈکٹیٹر رہی۔ جمہوریت کا ہر دور میں گلا گھونٹا گیا جس کے بدولت آذاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے معاملات بھی پس پشت چلے گئے ۔ ہم اور گلگت بلتستان وفاق کے غلام نہیں ہیں گلگت بلتستان اور اے جے کے کے عوام کو ملانے میں آمان اللہ مرحوم کا کردار قابل تعریف رہا انہوں کی رحلت سے ہم ایک گراں قدر شخصیت سے محروم ہوگئے۔

انہوں نے اس موقع پر غذر پریس کلب کیلئے خصوصی گرانٹ کااعلان کیاپریس کلب غذر کے وفد میں صدر پریس کلب راجہ عادل غیاث، اور سینئر صحافی دردانہ شیر ، غلام نبی، معراج علی عباسی، اکبر حسین اکبر ، سلیم شیرین اور کریم رانجھا شامل تھے

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button