متفرق

ہلال احمر گلگت بلتستان آفات سے متاثرہ خاندانوں کو نقد رقوم کی صورت میں امداد فراہم کرے گا، ترجمان

گلگت(پ ر) ہلال احمر گلگت بلتستان کی جانب سے خطے میں بارشوں،سیلاب اور دیگرآفات سے متاثرہ خاندانوں کو نقد رقوم(کیش گرانٹ اسسٹنٹس) کی صورت میں امداد کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ منگل کو ہلال احمرگلگت بلتستان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نقدی امداد کے زریعے متاثرین کی دادرسی کا عمل ہلال احمرپاکستان کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا اورمنفرد امدادی طریق کار ہے جس کے تحت گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ،نگر،دیامر،غذر اور گلگت میں قدرتی آفات سے متاثرہ مجموعی طورپر430خاندانوں کو مبلغ بائیس ہزار فی کس کے حساب سے دواقساط میں گھرکے سربراہ کے نام رجسٹرڈ موبائل سم پر ایزی پیسہ کے زریعے ادا کئے جائیں گے، جس سے وہ اپنی ضرورت کے تحت گھرکے لئے سودہ سلف خریدنے کے اہل بن جائیں گے۔ ترجمان کے مطابق اسی سلسلے میں پہلی قسط کے طورپر متاثرین کو امدادی رقوم کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی تک ایک سو سے زائد خاندانوں کو ایزی پیسہ کے زریعے رقوم موصول ہوچکی ہیں۔ ہلال احمر گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری نورالعین نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا ہے کہ کیش گرانٹ اسسٹنٹس پروگرام ہلال احمر پاکستان کی جانب سے ایک نیامتعارف کردہ امدادی سلسلہ ہے ،جسے تجرباتی بنیادوں پر گلگت بلتستان میں شروع کیاگیا ہے۔ اس امدادی پروگرام کے تحت متاثرین کو ملنے والی بائیس ہزار کی رقم سے متاثرہ افراد کو گھریلوے اخراجات پورا کرنے میں مددملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نقدی امداد کے لئے ادارے کی جانب سے باضابطہ طورپر سروے کرکے ایسے خاندانوں کا انتخاب کیا گیا جن کے گھر مختلف نوعیت کے آفات میں مکمل طورپر منہدم ہوچکے تھے، جس میں مختلف اضلاع سے430متاثرہ خاندانوں کی فہرست تیارکرلی گئی تھی۔ انہوں مزید کہا کہ ہلال احمر پاکستان کی جانب سے اس سے قبل بھی مختلف آفات سے متاثرہ سینکڑوں افرادکوامداد فراہم کی جاچکی ہے اور ادارے کی جانب سے خدمت انسانیت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button