ماحول

گلگت بلتستان کے قدرتی ماحول کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، سیاحوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر اقبال وزیر تعمیرات

گلگت ( پ ر) صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی خوبصورتی کا کوئی ثانی نہیں ہے اور اسکے قدرتی ماحول کو آلودگی سے بچانے کی ازحد ضرورت ہے۔ گلگت بلتستان میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں ہونے والے اضافے کے بعد ماحولیات کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں جس کے لیے سیاحوں کو انتہائی زمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ گلگت بلتستان کا دورہ کرنے والے افراد سیاحتی مقامات کی صفائی کا ضرور خیال رکھیں تاکہ ماحول کو آلودگی سے بچایا جا سکے، انہوں نے اس بات ہر بھی زور دیا کہ سیاح کوڑا کرکٹ سڑکوں اور صا ف پانی کی گزرگاہوں ، ندی نالوں میں ہرگزنہ پھینکیں ، بلکہ ڈسٹ بن اور کوڑا کرکٹ تلف کرنے والی جگہوں پر کچرہ تلف کریں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کو بھی اس سلسلے میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی اور غیر مقامی سیاح خوبصورت وادیوں کی سیر کو جائیں تو ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیئے اپنی زمہ داری ادا کریں۔ ڈاکٹر محمد اقبال کا کہنا تھا کہ آلودگی سے آنے والے دور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس لیے صاف ستھرا ماحول ہر شہری کی ضرورت اور زمہ داری ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات کا شندور فیسٹیول کے بعد کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی مثبت پالیسیوں کے سبب خطہ درست سمت میں جا رہا ہے، گزشتہ حکومت نے اپنے دور میں شندور سمیت کئی اہم معاملات پر خاموشی سادھے رکھی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ سیاحت کے لیئے منفرد مقام رکھنے والا یہ علاقہ اپنے ہی لوگوں کے لیے اجنبی بن چکا تھا۔ ڈاکٹر محمد اقبال کا کہنا تھا کہ ماضی میں بائیکاٹ کی پالیسی سے چترال نے بہت فائدہ اٹھایا۔ انکا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکو مت نے بھرپور طریقے سے اس میلے میں شرکت کا فیصلہ کرکے عوام کے دل جیت لیئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں گلگت کی ٹیم کی ہار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکا کہناتھا کی ہار جیت کھیل کا لازمی جز ہے ، آئیندہ سال ہونے والے ٹورنامنٹ میں بھی بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button