صحت

سول ہسپتال گوریکوٹ استور کے دروازے تین فٹ کے ہیں، اڑھائی کروڑ کا سامان ہسپتال کے اندر نہیں لے جایا جاسکتا ہے، قائمہ کمیٹی برہم

گلگت(پ۔ر)اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں انکشا ف ہوا ہے کہ محکمہ ورکس نے سول ہسپتال گوریکوٹ استور کی عمارت کے دروازے تین فُٹ کے بنائے ہیں محکمہ صحت ڈھائی گروڑ مالیت کی مشینری اور فرنیچر ہسپتا ل کی عمارت کے اندر نہیں لے جایا جاسکا ہے اور عمارت کے سائٹ سلیکشن بھی غلط ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام کو ہسپتال تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے اس پر قائمہ کمیٹی کے چیئرمین و ممبران نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے کی چھان بین کر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کی سفارش کی ہے ۔کمیٹی کا اجلاس ممبر اسمبلی کیپٹن (ر)محمد شفیع خان کی زیر صدارت گزشتہ روز اسمبلی کے کانفرنس حال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران نے کہا ہے کہ اس حد تک غیر ذمہ داری افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے اور اس نااہلی میں ملوث ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دینے کی ضرورت ہے۔کمیٹی نے اس پر سفارش کی ہے کہ محکمہ صحت کو محکمہ تعلیم کی طرح اپنا انجینئرنگ سیل قائم کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ اس طرح کے مسائل کا سامنا نہ ہو اور محکمہ صحت اپنے ضروریات کے مطابق عمارتیں تعمیر کر سکے ۔کمیٹی نے محکمہ صحت کے ذمہ داروں کو ہدایت کی ہے کہ حالیہ دنوں مشتہر کی گئی 1400سے زائد خالی اسامیوں پر میرٹ پر بھرتیا ں کریں تاکہ بے روز گاروں کے ساتھ کسی بھی قسم کی نا انصافی نہ ہو۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان ، ممبر اسمبلی نواز خان ناجی ، سیکریٹری لاء رحیم گُل ، سیکریٹری صحت سعید اللہ خان نیازی اور ڈپٹی سیکریٹری احسان اللہ نے بھی شرکت کی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button