ماحول

جنگلات اور جنگلی حیات کی بقا کےلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا، ارمان شاہ رکن گلگت بلتستان کونسل

گلگت( پ ر) ممبر گلگت بلتستان کونسل ارمان شاہ نے کہا ہے کہ خطے میں موجود جنگلات کے تحفظ اور جنگلی حیات کی بڑھوتری و افزائش نسل کے لیئے وزیر اعظم پاکستان نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ ممبر جی بی کونسل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کو گلگت بلتستان میں موجود جنگلات اور وائلڈ لائف کے حوالے سے تٖفصیلا آگاہ کیا گیا جس میں ان کو بتایا گیا کہ دیامر میں بڑے رقبے پر جنگلات موجود ہیں اور دیگر اضلاع میں جنگلات کم رقبے پر موجود ہیں جس پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے احکامات دیئے کہ صوبے بھر میں پانی کے وسیع ذخائر ہیں اور جنگلات کا رقبہ بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے صوبائی حکام کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ ممبر جی بی کونسل ارمان شاہ نے کہا کہ اس سلسلے میں گلگت بلتستان میں جنگلات کے محکمے کو ضروری ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مارخور، بلیو شیپ، سنو لیپرڈ(برفانی چیتے ) اور دیگر جنگلی حیات کی حفاظت اور پرورش نسل کے لیے منصوبہ بندی کریں ۔ تاکہ ان کی بقا کو لاحق خطرات کو بھی کم کیا جا سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں کنزرویشن کے لیئے مزید عملہ بھی تعینات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان ایریاز مین غیر قانونی شکار کو بھی روکا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی کمیونیٹی کی مدد سے اس سلسلے میں تعاون حاصل کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے تاکہ جنگلات کی کٹائی اور اس سے ہونے والے نقصانات کو بھی کم کیا جاسکے۔ ارمان شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں قدرتی توازن کو برقرار رکھنے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیئے مزید موششیں کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس خطے کا قدرتی حسن بھی بر قرار رہے اور جنگلی حیات کی پناہ گاہوں کو بھی تحفظ مل سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنے گرد و پیش میں ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کی ضرورت ہے جس سے گلگت بلتستان کی خوب صورت وادیاں مزید سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کریں گی۔ پاکستان کے منظر نامے پر گلگت بلتستان کی قدرتی خوبصورتی سے بھرپور دلکش وادیوں کی الگ ہی شناخت ہے جس کی بدولت گلگت بلتستان دنیا بھر میں اپنا منفرد مقام رکھتا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ تحفظ ماحولیات کو گلگت بلتستان حکومت نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں اپنے ایجنڈے میں سرفہرست رکھا ہے۔ آنے والے دنوں میں جنگلات کاکا تناسب بڑھانے کے لیئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ممبر گلگت بلتستان کونسل ارمان شاہ نے سیکریٹری جنگلات سے ملاقات کی اور ان سے جنگلات اور وائلڈ لائف کے بارے میں مختلف امور پر بات کی ۔ انہوں نے سیکریٹری جنگلات سے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں ہنگامی بنیادوں پر اقداما ت کرنے ہونگے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button