سیاست

حکومت سیاسی رہنماؤں پر قائم غداری اور دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات فوری طور پر ختم کرے، منظور پروانہ

گلگت( پریس ریلیز) گلگت بلتستان میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی وجہ سے خطہ عالمی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے لہذاحکومت گلگت بلتستان میں انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے سیاسی رہنماؤں پر قائم غداری اور دہشت گردی کے جھوٹے مقدمات فوری طور پر ختم کرے۔باباجان، افتخار کربلائی اور ان کے ساتھیوں کو رہا کرے ۔ ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان یونائیٹڈ موؤمنٹ کے چئیرمین منظور پروانہ نے مقامی عدالت میں پیشی کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

منظور پروانہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں گلگت بلتستان کے سینکڑوں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں پر دہشت گردی اور غداری کے مقدمات درج کئے گئے ہیں جو کہ اب بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہے بابا جان اور انکے ساتھیوں کو عمر قید کی سزائیں سنا کر پابند سلاسل رکھے گئے ہیں ۔ گلگت بلتستان میں غداری کے مقدمات دنیا میں سب سے زیادہ ہیں یہاں اپنے حقوق کی بات کرنے والوں پر غداری کے مقدمات بنائے جاتے ہیں۔مجھ پر کرگل سکردو روڈ کھولنے کا مطالبہ کرنے پر غداری کا مقدمہ بنایا گیا ہے ، بابا جان اور ان کے ساتھیوں پر عطا آباد کے متاثرین کے حق میں احتجاج کرنے پر دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے ہیں ، قراقرم نیشنل موؤمنٹ کے رہنماؤں پر گلگت بلتستان اور تنازعہ کشمیر کے موضوع پر کانفرنس بلانے پرجبکہ بالاورستان نیشنل فرنٹ کے رہنماؤں پر اقوام متحدہ کے دفتر میں CPEC پریادداشت جمع کرنے کی کوشش پر بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے ہیں طاہر علی طاہر شفاف الیکشن کا مطالبہ کرنے اور قیوم خان شندور تنازعہ پر آواز اٹھانے پر پابند سلاسل کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چندافراد کو سڑکوں پر لا کر گلگت بلتستان میں سب کچھ ٹھیک ہے کا نعرہ لگوانے والے خوش فہمی کا شکار ہیں ۔ اگر گلگت بلتستان میں سب کچھ ٹھیک ہے تویہاں کے عوام آج تک آئینی حقوق سے محروم کیوں ہے؟ گلگت بلتستان میں آزادی اظہار رائے پر قدغن کیوں ہے؟ گلگت بلتستان کو ہمسایہ ملکوں سے ملانے والی تاریخی و تجارتی راستے بند کیوں ہے؟ گلگت بلتستان میں سینکڑوں سیاسی رہنما وں پر مقدمات کا کیا معنیٰ رکھتے ہیں ؟ گلگت بلتستان کے منقسم خاندانوں کے افراد سرحد کے آر پار اپنے رشتہ داروں سے کیوں نہیں مل سکتے؟ گلگت بلتستان میں مقامی چیف سکریٹری ، آئی جی پی کی تعیناتی کیوں نہیں کی جاتی؟ گلگت بلتستان کے ہزارں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار کیوں ہیں؟ گلگت بلتستان میں ملازمتیں برائے فروخت کیوں ہیں؟ گلگت بلتستان میں کرپشن کو تحفظ کیوں حاصل ہے؟ گلگت بلتستان کے عوام کو آزاد کشمیر طرز کی ریاستی اسمبلی کیوں نہیں دی جا رہی ہے؟ گلگت بلتستان میں لوگوں کی ملکیتی زمینوں کو کیوں چھینا جارہا ہے؟حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی بنیادی و انسانی حقوق کو بحال کرے تو کسی ملک کو گلگت بلتستان میں مداخلت کا موقع نہیں ملے گا ۔اگرگلگت بلتستان کے عوام کی آزادی ، خودمختاری اور قومی تشخص کی بحالی کے لئے عملی اقدامات نہیں کئے گئے تو گلگت بلتستان میں عالمی مداخلت ناگزیر ہو جائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button