متفرق

مودی پاگل ہے، انڈیا جان لے کہ اب گولیوں کی نہیں بلکہ بٹن کی جنگ ہوگی، سابق وزیر اعلی مہدی شاہ کا یوم دفاع کی تقریب سے خطاب

سکردو(رضاقصیر) گلگت بلتستان کے عوام پاکستانی تھے ہیں اور مرتے دم تک رہیں گے کوئی قوت ہمیں پاکستان سے جدا کرنے کی جرأت نہیں رکھتی حقوق نہ ملنے کے باوجود ہمارے لوگ یوم دفاع اور جشن آزادی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منارہے ہیں جو ایک انوکھی مثال ہے

ان خیالات کا اظہار مقررین نے روزنامہ کے ٹو اور ایف ایم99جی بی کے تحت یوم دفاع پاکستان اور یوم فضائیہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا مقررین نے یوم دفاع پر شاندار تقریب کے انعقاد پر روزنامہ کے ٹو اور ایف ایم 99جی بی کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام سچے پاکستانی ہیں ان کی قربانیاں لازوال ہیں یہاں کے غیور عوام نے پاک فو ج کے ساتھ مل کر متعدد جنگیں لڑی ہیں لیکن اس کے باوجود بعض قوتیں ہماری عظیم قربانیوں کو فراموش کر رہی ہیں انہوں نے کہاکہ پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پختونخواہ اور سند ھ کے لوگوں سے زیادہ ہم بڑے محب وطن ہیں ہمیں فخر ہے کہ آج تک یہاں سے کسی مقامی شخص کو ملک کے خلاف جاسوسی کے الزام میں نہیں پکڑا گیا ہمیں اپنے آبا و اجداد کی عظیم اور لازوال قربانیاں فراموش نہیں کرنی چاہئیں ان کی قربانیوں اور خدمات کی وجہ سے ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ بھارت ہماری جانب میلی آنکھ سے نہ دیکھے ورنہ اس کی آنکھ نکل دیں گے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پاگل ہے وہ پہلے چائے بیچتا تھا اور بازاروں میں یہ کہتا پھرتا تھا کہ چاے پیو چائے پیو لوگ اس کی چائے پینابھی پسند نہیں کرتے تھے مودی جان لے کہ اب پانچ گولیوں والی جنگ نہیں چلے گی بلکہ بٹن والی جنگ ہو گی جب یہ جنگ ہو گی تو بھارت کا بوریا بستر گول ہو جائے گا ہم پاک فوج کے ساتھ مل کر بھارت کو ناقابل تلافی شکست دیں گے انہوں نے کہاکہ ہم چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک کے بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ اندرونی دشمنوں کا بھی کھل کر مقابلہ کیا ہم پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ جنرل راحیل شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ سکردو روڈ ضرور بنے گا انہیں آئینی حیثیت کے تعین کے لئے بھی کردار ادا کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے بڑے وفادار ہیں کوئی ہماری قربانیوں پر شک نہ کرے یہاں کے کسی شخص نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

kpn-02

رکن کونسل وزیر اخلاق حسین نے کہاکہ ہمیں اپنے آباواجداد کی قربانیوں کو کسی صورت میں فراموش نہیں کرنا چاہئے پاکستان کے قیام کیلئے ہمارے لوگوں نے بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں اب بھی قربانیوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا ہے یقین دلاتے ہیں کہ مستقبل میں بھی ہم اپنی خدمات جاری رکھیں گے کسی صورت بھی ملک کے اوپر کسی قسم کی آنچ آنے نہیں دیں گے انہوں نے کہاکہ ہمیں باہمی اختلافات کو بھلا کر وطن عزیز کی سلامتی اور بقاء کے لئے کام کرنا ہوگا جب تک ہم سیاسی مذہبی اختلافات کو بالائے طاق نہیں رکھیں گے تب تک ملک کو درپیش مسائل کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہاکہ ہم ایک تھے ایک رہیں گے اور ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ہمیشہ ناکام بنائیں گے راء اور موساد کے ایجنٹ ملک کے اندر افراتفری پیدا کرنے کے درپے ہیں ایسے عناصر کو دوٹوک الفاظ میں جواب دیتے ہیں کہ ہم وطن عزیز کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے

سینئر صحافی وقلم کار قاسم نسیم نے کہاکہ ہمیں اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا جب تک ہم متحد ہو کر پاک فوج کا ساتھ نہیں دیں گے دشمن کی سازشیں ناکام نہیں ہوں گی سینئر صحافی نثار عباس نے کہا کہ روزنامہ کے ٹو اور ایف ایم 99نے یوم دفاع اور یوم فضائیہ پر شاندار تقریب منعقد کرکے ثابت کر دیا کہ یہ ادارہ بڑا قومی ادارہ ہے کوئی شک نہیں کہ روز نامہ کے ٹو نے ہمیشہ ملکی ترقی ، خوشحالی اور بقاء کی جنگ لڑی ہے گلگت بلتستان کے حقوق کے حصول کیلئے اس دارے کے کارنامے نمایاں ہیں کے پی این ے ریزیڈنٹ ایڈیٹر راجہ سلطان مقپون نے کہا کہ ہم علاقے کی تعمیر وترقی اور حقوق کے حصول کیلئے اسی طرح کام کرتے رہیں گے جس طرح پہلے کام کرتے رہے ہیں

چیف ایگزیکٹیو کے پی این راجہ کاشف علی خان مقپون نے کہاکہ ہم نے حقوق کے حصول کیلئے پہلے بھی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر کام کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے ہماراستارہ کبھی گردش میں رہا ہے اور نہ آئندہ رہے گا ہم نے اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے علاقے کے مسائل کو اپنے اخبار کے ذریعے ایوانوں تک پہنچایا ہے آئندہ بھی پہنچاتے رہیں گے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button