ثقافت

اسسٹنٹ پروفیسر ظفر شاکر نے امریکی یونیورسٹی میں شینا زبان اور گلگت بلتستان کی ثقافتوں کی نمائندگی کی

گلگت ( نامہ نگار) ’شینا مئے باش ہن ما گلیتو ہانوس ‘ کے جذبے سے سرشار گلگت بلتستان کے قابل فخر سپوت و قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسرمحمدظفرشاکرنے امریکی یونیورسٹی آریگون میں گلگت بلتستان کی ثقافت اور شینا زبان پربین الاقوامی سکالرز اور پروفیسرز کو لیکچردے کر علاقے کا نام فخر سے بلندکردیا۔ اپنے لیکچرکے دوران انہوں نے گلگت بلتستان کی انوکھی ثقافت،قدیم تہوار،ثقافتی ایونٹس بشمول ٹوپی اور شاٹی ڈے اور شینا زبان کے مختلف پہلوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی جبکہ دیگر علاقائی زبانوں اور تاریخی وسیاحتی مقامات کے علاوہ گلگت بلتستان کی تاریخی وجغرافیائی اہمیت سے متعلق بھی عالمی سکالرزکو اگاہ کیا اور ان سے خوب داد وصول کی۔ لیکچر کے اختتام پر شرکاء نے ظفرشاکر کو گلگت بلتستان اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا سفیر قراردیدیا۔ ظفرشاکران دنوں ایک سہہ ماہی کورس کے سلسلے میں امریکہ میں مقیم ہیں جہاں پر کو ہر مناسب موقع پر اپنی دھرتی ماں گلگت بلتستان اور اپنی مادری زبان کی افادیت واہمیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے رہتے ہیں اور بین الاقوامی سیاحوں کوگلگت بلتستان کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

14900479_1303960902968679_6968004583613764162_n

اپنے ایک پیغام میں ظفرشاکر کا کہنا ہے کہ ان کے علاقائی ثقافت اور شینا زبان کی قومی وبین الاقومی سطح پر ترویج کرنے کے جذبے کے پیچھے شینا زبان کے ماہرین پروفیسر محمد امین ضیا، عبدالخاق تاج،جمشیدخان دکھی،غلام عباس نسیم اور عبدالحفیظ شاکر کی انتھک محنت اور حوصلہ افزائی کارفرما ہے،جس پر وہ ان تمام معززین کا تہہ دل سے مشکورہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زوردیا ہے کہ وہ گلگت بلتستان کی بے مثال ثقافتی ورثے اور علاقائی زبانوں کی ہرسطح پر ترویج کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور دھرتی ماں کا قرض ادا کرنے پر فخرمحسوس کریں۔

پروفیسرظفرشاکر نے اس سے قبل فرانس اور آزادجموں وکشمیر میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنسوں میں بھی گلگت بلتستان کی ثقافت اور شینا زبان پر اپنا مقالہ پیش کیاتھا۔علاوہ ازیں وہ ایک بہترین کمپیرر ،مقرر اور مباحثہ کار بھی ہیں، جس پر انہیں صدرپاکستان ممنون حسین،آرمی چیف جنرل راحیل شریف،سابق صدر شوکت عزیز،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سمیت اعلیٰ شخصیات کی جانب سے بھرپور داد ملی اور ان کے ٹیلنٹ کو پزیرائی حاصل ہوئی۔ گلگت بلتستان کے ادبی ،سماجی وثقافتی حلقوں نے پروفیسر ظفرشاکر کی علاقے کی ثقافت اور زبان کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں پر مسرت کا اظہارکرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button