صحت

انجمن تاجران کی استدعا پر ڈپٹی کمشنر نے تانگیر سے گرفتار کردہ میڈیکل سٹور مالکان کو رہا کردیا

چلاس(مجیب الرحمان)ڈپٹی کمشنردیامر دلدار ملک نے تانگیر کے گرفتار میڈیکل سٹور مالکان کو رہا کر دیا۔اسسٹنٹ کمشنر تانگیر فیاض احمد نے تپ دق کی ادویات رکھنے کے جرم میں زیر دفعہ us 188ppcکے تحت خلاف ورزی کرنے پر دو میڈیکل سٹور مالکان کو پانچ روز کے لئے جیل بھیج دیا تھا اور ایک میڈیکل سٹور مالک پر دس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔جس پر انجمن تاجران ادویات تانگیر کے وفد نے ڈپٹی کمشنر دیامر سے نظر ثانی کی استدعا کی۔جس پر ڈپٹی کمشنر نے سزا ختم کرتے ہوئے میڈیکل سٹور مالکان کو رہا کردیا۔انجمن تاجران ادویات نے موقف اپنایا تھا کہ تپ دق کی ادویات پر ملک بھر میں تاحال کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔اور نہ ہی کسی قسم کا تحریری اور زبانی حکم دیا گیا ہے۔جس پر انہوں نے ڈرگ ایکٹ کے تحت قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی ادویات سٹور میں رکھی ہیں۔اور وہ مستند ڈاکٹری نسخے پر ہی ادویات فروخت کر رہے ہیں۔جس کی اجازت ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ہے۔

انتظامیہ کے اس اقدام کے خلاف انجمن تاجران ادویات تانگیر اور کیمسٹ ایسوسی ایشن دیامر نے بھی اجلاس میں مذمت کی۔اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف ادویات کے لین دین میں قانونی تقاضے پورے کرنے والے میڈیکل سٹور مالکان کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔بلکہ جسمانی اذیت اور تکلیف سمیت کاروباری شہرت کو بھی بری طرح نقصان پہنچ رہا ہے۔اور ادویات سے متعلق عوام میں غلط تاثر بھی پھیل رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی مکمل طور پر فعال ہے اور وہ باقاعدگی سے میڈیکل سٹور ز کی انسپکشن اور ادویات کے معیار کی جانچ پڑتال اور قانونی تقاضوں کی مکمل طور پر نگرانی کر رہا ہے۔تانگیر میں بھی باقاعدگی سے ڈرگ انسپکٹراپنی ڈیوٹی خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہا ہے۔اور ڈرگ کنٹرول اتھارٹی غیر قانونی اقدامات پر میڈیکل سٹوروں کے خلاف بھر پور کاروائی بھی کر رہا ہے۔ان تنظیموں نے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ چیف ڈرگ کنٹرولر سے معاملے کا نوٹس لے کر ذمہ داریوں کے تعین کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔تاکہ قانونی تقاضے پورے ہوسکیں اور کسی پر بلا وجہ ظلم اور زیادتی بھی نہ ہو۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button