متفرق

ایفاد کے زیرِ اہتمام علاقائی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں، اقبال حسن، وزیر منصوبہ بندی و اطلاعات

گلگت ( پ ر) ایفاد کے زیر اہتمام گلگت بلتستان کی معاشی بہتری اور زراعت ، انرجی، سیاحت سمیت دیگر اہم شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے آنے والے چند سالوں میں اس خطے کی معاشی حالت بدل جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی اقبال حسن نے ایفاد گلگت بلتستان کے پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر احسان میر اور ڈپٹی پروگرام کو آرڈینیٹر عثمان احمد کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔ ایفاد کے عہدیداران نے صوبائی وزیر اطلاعات و پلاننگ کو گلگت بلتستان میں انکے ادارے کی جانب سے شروع کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور ایک رپورٹ بھی پیش کی جس میں انکے ادارے کے مستقبل کے منصوبوں اور جاری منصوبوں کے حوالے سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و پلاننگ نے ڈاکٹر احسان میر کی جانب سے کئے جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کا سرمایہ ہیں ا ور ان سے امید کی جاتی ہے کہ وہ اس ادارے کی جانب سے عوام کے لیئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کے زریعے مستقبل قریب میں علاقے میں اہم ترین اور مثبت تبدیلیوں کا باعث بنیں گے۔صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگلات کے کٹاؤ کو روکنے میں مددگار پالیسیوں پر بھی تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں کو بھی روکا جا سکے اور اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے بھی واضح ہدایات ہیں کہ گلگت بلتستان میں جنگلات میں اضافے کے لیئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اس اسلسلے میں رواں مالی سال کے ADPمیں تین ارب روپے مختص کئے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی وزیر اعظم پاکستان نے خصوصی طور پر مزید پانچ ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ گلگت بلتستان میں جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ مزید براں انرجی سیکٹر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان میر نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ گلگت بلتستان کا مستقبل انرجی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری سے وابستہ ہے اور اس سیکٹر میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے صیح معنوں میں استفادہ تب ہی کیا جا سکتا ہے جب گلگت بلتستان میں ریجنل گرڈ اور توانائی کے شعبوں میں جاری منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریجنل گرڈ کے بنانے کے بعد عطاآباد اور پھنڈرسمیت بلتستان میں جاری بجلی کے اہم منصوبوں کو بہتر انداز میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت ایک وژن کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے اور طویل دورانیئے کے منصوبوں کی تکمیل کے لیئے بھی بہتر پلاننگ کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری سے وابستہ منصوبوں سے براہ راست اور بلواسطہ طور پر گلگت بلتستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہونے میں مدد ملے گی اور یہ اقتصادی راہداری خطے کی معیشت کو مزید بہتر کرے گی، وہ وقت دور نہیں جب تمام لوگ نوکریوں کے حصول کے لیئے گلگت بلتستان کا رخ کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان اہداف کے حصول کے لئے مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور عوام کو ہماری حکومت کا کام نظر آئے گا۔ آنے والے وقتوں میں ہمارے بہتر کام کی بناء پر ہی لوگ ہمیں یاد رکھیں گے اور ہماری حکومت گلگت بلتستان کی معاشی ہیئت اور ساخت کو مثبت معنوں میں تبدیل کرے گی جس سے معاشی خوشحالی آئے گی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی اقبال حسن نے ڈاکٹر احسان میر پر زور دیا کہ خطے کے مفاد میں زہین افراد پر مشتمل ایک تھنکرز فورم بھی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو کہ خطے کے لیئے بہترین پالیسیاں اور سفارشات مرتب کر سکیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button