تعلیم

قراقرم یونیورسٹی رینجرز کے حوالے کیا جائے، علما دیامر کے اجلاس میں مطالبہ

چلاس(مجیب الرحمان)علماء دیامر کا اہم اجلاس زیر صدارت خطیب جامع مسجد گلگت قاضی نثار پرانی جامع مسجد میں منعقد ہوا۔جس میں ضلع بھر کے علماء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کے مجموعی حالات و واقعات پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔اور کہا گیا کہ ایپکس کمیٹی اور نیکٹا کے فیصلوں کی خلاف ورزی کر کے قراقرم یونیورسٹی میں مذہبی پروگرام کا انعقاد کر کے خطے میں بد امنی اور انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔جو انتہائی افسوسناک اور خطے کو آگ و خون میں نہلانے کی سازش ہے۔افواج پاکستان ایپکس کمیٹی اور ریاستی فیصلوں کی خلاف ورزی اور غداری کرنے پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں۔اور آئندہ کے لئے تعلیمی اداروں اور خطے کو فرقہ واریت کی بھینٹ چڑھانے اور آماجگاہ بنانے کی ہر سازش کو لگام دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔قراقرم یونیورسٹی کو ایک طبقے کی من مانیوں کے سپرد کرنے سے دوسرے طبقوں کے طلباء غیر محفوظ ہوئے ہیں۔فوری طور پر یونیورسٹی کی بھاگ دوڑ رینجرز کے سپرد کر دی جائے۔تعلیمی ادارے میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کاروائی اطیمنان بخش نہیں ہے۔گرفتاریوں اور سزاؤں کے عمل کو موثر بنایا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عظمت حرمین شریفین کے لئے عوامی روابط بڑھانے اور ذہن سازی کے لئے علماء کے وفود گلگت بلتستان اور کوہستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرینگے۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ امن پسند اور محب وطن علماء کرام کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے جو انتہائی افسوسناک امر ہے۔فوری طور پر شیڈول فور میں شامل علماء کے نام نکال دئے جائیں۔پولیس سپاہی راجہ جمال ،ایف سی اور رینجرز اہلکاروں پر حملوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں۔فوجی عدالتوں میں صرف ایک طبقے کے خلاف کیسز چلانے کی پالیسی ختم کی جائے۔اور قیدیوں کے ساتھ دوہرا معیار اور سلوک کی پالیسی ختم کی جائے۔

اجلاس میں پاک فوج کے نئے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی تقرری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد بھی دی گئی۔اور امید ظاہر کی گئی کہ وہ ملک و ملت کے وقار کی تحفظ اور عظمت حرمین شریفین کے تحفظ میں اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے۔ اجلاس میں قاضی نثار کی کی امارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انکی حکم کی تعمیل میں ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا بھی عزم کیا گیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

ایک کمنٹ

Back to top button