چترال

چترال کے بالائی علاقوں اور پہاڑوں کی چوٹیوں پر برف باری، لواری ٹاپ بند

چترال(گل حماد فاروقی) اتوار کی شب اور پیر کے روز علی الصبح چترال میں بارش جبکہ پہاڑوں کی چوٹیوں اور بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جس کے باعث چترال سردی کی شدید لپیٹ میں ہے۔ شدید برف باری کے باعث چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا واحد زمینی راستہ لواری ٹاپ ہر قسم ٹریفک کیلئے بند ہوا ہے جبکہ چترال سے پشاور جانے والے اور پشاور سے چترال آنے والے سینکڑوں مسافر گاڑیوں کو لواری ٹنل کے سامنے کئی گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑا۔

تاہم فوج کے اعلےٰ حکام کی ہدایت پر رات بارہ بجے لواری سرنگ میں مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دے دی گئی۔مسافر یہ الزام لگاتے ہیں کہ لواری سرنگ میں صرف بااثر لوگوں کو سفر کی اجازت دی جاتی ہے جبکہ عام لوگوں کو اس میں سفر کی اجازت نہیں دی جاتی۔

چترال کے بالائی علاقوں میں زمین پر بھی برف باری ہوئی ہے جبکہ پی آئی اے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے ۔ مرنے والوں کی تعزیت اور غمزدہ خاندان سے اظہار ہمدردی کیلئے کافی تعداد میں لوگ ان برف پوش راستوں سے گزر کر آتے ہیں۔

لواری ٹاپ ابھی تک بند ہے اور چترال کے مسافروں کو بالحصوص مرنے والوں کے ساتھ تعزیت کرنے والے افراد کو آنے جانے میں نہایت مشکلات کا سامنا ہے۔ اگر لواری ٹاپ بروقت نہیں کھوالا گیا یا لواری سرنگ میں لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے کی اجازت نہیں ملی تو چترال کے لوگ فاقہ کشی کے شکار بھی ہوسکتے ہیں کیونکہ یہاں آشیائے خوردنوش کی شدید قلعت پیدا ہوسکتی ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button