تعلیمگلگت بلتستان

چلاس: تھک دیورے مڈل سکول کے طلباء سخت سردی میں کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پرمجبور

چلاس (بیورورپورٹ) ضلع دیامر کی تحصیل چلاس کے نواحی گاوں تھک میں دریا کے کنارے قائم مڈل سکول دیورے اکیسویں صدی کے اس جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ، سکول میں کلاس رومز کی کمی کی وجہ سے جماعت چہارم اور جماعت اول ادنی کے طلبہ ماہ دسمبر کی سخت اور ٹھٹھرتی سردی میں کھلے آسمان تلے تعلیم کی پیاس بجھانے میں مصروف عمل ہیں۔

سکول میں کلاس رومز کی کمی کے حوالے سے ڈپٹی ڈایریکٹر ایجوکیشن کو آگاہ کرنے کے باوجود متعلقہ حکام کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی، جس کی وجہ سے سکول کے ننھے منے بچے مختلف قسم کے موسمی بیماریوں کا شکار ہوکر ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے والدین نے کہا کہ مڈل سکول تھک دیورے میں کلاس رومز کی کمی کو پورا کیا جائے، اسکول میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ سخت مشکلات سے دوچار ہیں اور کلاس رومز کی کمی اور متعلقہ حکام کی نااہلی کی وجہ سے بچے نزلہ،زکام،کھانسی نمونیہ اور دیگرموسمی بیماریوں میں مبتلا ہیں، اور بچوں کا تعلیمی مستقبل تاریک ہوکر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں جدید فرنیچر کی بھی کمی ہے۔انہوں نے وزیر اعلی اور سیکریٹری ایجوکیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوٹس لیکردیورے سکول کے طلبہ کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائیں ،تاکہ بچے تعلیم حاصل کرسکیں ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button