گلگت بلتستان

وزیر اعظم کا دورہ گلگت 13جنوری کو متوقع ہے، صوبائی وزیر سیاحت فدا خان فدا

گلگت(خبرنگارخصوصی) صوبائی وزیر سیاحت فدا خان فدا نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پھنڈزلزلہ متاثرین کی بھرپور نمائندگی ہو رہی ہے اور اب تک زلزلہ متاثرین کو 16کروڑ روپے دلائے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ رقم بھی جلد دلانے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بہت جلد بقایاجات بھی ادا کئے جائیں گے انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا دورہ گلگت 13جنوری کو متوقع ہے ہم وزیر اعظم پاکستان سے بھی متاثرین کی امداد کے حوالے سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر حاجی شاہ بیگ نے اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے حقائق سے برعکس بات کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اپنے حالیہ دورہ چین کے موقع پر گلگت بلتستان کی بھرپور نمائندگی کی اور گلگت بلتستان کے کئی اہم منصوبوں کو سی پیک میں میں شامل کرایا ہے جن میں پھنڈر پاور پراجیکٹ ،کے آئی یو پاور پراجیکٹ کے علاوہ گلگت چترال ایکسپرس وے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت چترال ایکسپرس وے کاسروے مکمل ہو گیا ہے اور پونیال کے مقام پر سیمپل بناکر وزیر اعلیٰ نے اس کا افتتاح بھی کیا ہے موسم بہار میں ایکسپرس وے پر کام کا آغاز ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اور دیکر اپوزیشن کی جماعتیں مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے اقدامات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں اور اب عوام کو جھوٹ کے سہارے بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں میری ان کے درخواست ہے کہ وہ مسلم لیگ(ن) کی کارکردگی کو تسلیم کرے۔انہوں نے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدارمیں پیپلزپارٹی کا جنازہ نکالا اور انہی کی کرتوتوں کی وجہ سے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کا صفایا ہو گیا آج وہی لوگ اس جماعت کی تنظیم سازی کر رہے ہیں اور مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں مگر ان کے ہاتھ کچھ نہیں آرہا کیونکہ عوام ان کے سابقہ کرتوتوں سے اچھی طرح واقف ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر تعلیم ڈاکٹر علی مدد شیر نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں کبھی گوپس غذر کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی اس علاقے کا کبھی نام لیا انہیں کوئی نہیں ملا تو وہ گوپس میں سرکاری ملازمین کو بلا کر پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں ہم ایسے سرکاری ملازمین کے خلاف بھی کاروائی کریں گے جو سیاست میں حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ضلع غذر میں اپنے پارٹی کے بانی رہنماوزیر میر اکبر مرحوم کے لیے کچھ نہیں کیامگر آج ان کے مزار پر جا کر اپنی شرمندگی کا رونا رو رہے ہیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

ایک کمنٹ

Back to top button