کھیلگلگت بلتستان
سعدیہ خان سکی کپ میں گولڈ میڈل گلگت بلتستان کی امامہ ولی جبکہ چلڈرن سکی کپ میں گولڈ میڈل کی حقدار پاکستان ائیر فورس کی خوشیم صاحبہ ٹھہری
گلگت(خبرنگارخصوصی) نلتر گلگت میں کھیلا جانے والا سعدیہ خان سکی کپ 2017اورچلڈرن(خواتین انڈر16)سکی کپ 2017پاکستان ائیرفورس نے جیت لیا۔ سعدیہ خان سکی کپ میں گولڈ میڈل گلگت بلتستان کی امامہ ولی نے اپنے نام کر لیا جبکہ چلڈرن سکی کپ میں گولڈ میڈل کی حقدار پاکستان ائیر فورس کی خوشیم صاحبہ ٹھہری۔ جمعرات کے روز نلتر گلگت میں فاتح کھلاڑیوں میں رکن قانون ساز اسمبلی بی بی سلیمہ نے کپ اور میڈلز تقسیم کئے۔ سعدیہ خان سکی کپ 2017میں گلگت بلتستان کی امامہ ولی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ جیت کرگولڈ میڈل حاصل کیا پاکستان ائیر فورس کی زینب سہیل نے دوسری پوزیشن حاصل کی اور سلور میڈل اپنے نام کر لیا جبکہ بشرہ جاوید کو تیسرے نمبر پر آنے پر برونز میڈل دیا گیا ۔سعدیہ خان کپ پاکستان ائیر فورس کی ٹیم کو دیا گیا۔چلڈرن سکی کپ کے مقابلے میں پاکستان ائیر فورس کی خوشیم صاحبہ نے گولڈ میڈل،ادیبہ شیر نے سلور میڈل اور رقیہ نے برونز میڈل جیت لیا،سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے پر چلڈرن ٹرافی بھی پاکستان ائیر فورس کو دیا گیا۔مقابلوں میں دوسری چائنیز ڈاؤن ہل 2017 کا انعقاد بھی ہوا جس میں شاہ خان سکی سکول نلترکے شاہ زمان نے گولڈ میڈل،شاہ خان سکی سکول نلتر کے الطاف حسین نے سلور میڈل اور شاہ خان سکی سکول نلتر کے عبید عالم نے برونز میڈل حاصل کیا۔ سعدیہ خان سکی کپ اور چلڈرن سکی کپ کے مقابلوں میں سندھ پنجاب اور گلگت بلتستان سے سات ٹیموں کے32کھلاڑیوں نے شرکت کی اور بھر پور اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
جمعرات کے روز پاکستان ائیر فورس اور سکی فیڈریشن پاکستان کی جانب سے سعدیہ خان سکی کپ 2017اور چلڈرن کپ 2017کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےرکن قانون ساز اسمبلی بی بی سلیمہ نے کہا ہے کہ سکی کھیل دنیا بھر میں ایک معروف کھیل ہے اور اس میں خواتین کی جانب سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کے لیے باعث اطمینان ہے اور خواتین کی جانب سے بڑی تعداد میں اس کھیل میں شرکت کا کریڈٹ سکی فیڈریشن اور پاکستان ائیر فورس کو جاتا ہے جنہوں نے خواتین کو آگے بڑھنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نلتر میں سکی کے مقابلوں میں صرف مرد حضرات حصہ لیتے تھے مگر وقت کے ساتھ سکی فیڈریشن آف پاکستان اور پاکستان ائیر فورس کی محنت اور کوششوں کی وجہ سے اس کھیل میں خواتین بھی شامل ہوئی ا ور وقت کے ساتھ خواتین کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سکی فیڈریشن آف پاکستان اور پاکستان ائیر فورس کی وجہ سے نلتر کی اہمیت میں اضافہ ہوا اور اس علاقے میں ترقی ہوئی نلتر میں پاکستان کا سب سے بڑا سکی سلوپ بنایا گیا ہے اور مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی کہ پاکستان ائیر فورس نے نلتر اور کالاباغ میں سکی کے حوالے سے تمام سہولتیں مہیا کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں سعدیہ خان سکی کپ 2017میں شرکت کرنے پر فخر محسوس کرتی ہوں اس مشکل اور سخت موسم میں کھلاڈیوں کی صلاحیتوں نے مجھے بے حد متاثر کیا ،انہوں نے کہا کہ کھلاڈیوں کی محنت اور صلاحیتوں سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ سکی ایک منفرد کھیل ہے اور اس کو دیکھنے کے لیے لوگ بڑی تعداد میں آتے ہیں ایسے مقابلوں اور کھیلوں کے انعقاد سے جہاں عام آدمی کو روزمرہ کے کاموں سے ریلیف ملتا ہے اور لوگ اس طرح کے مقابلوں کو بہت شوق سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے سکی جیتنے والے کھلاڈیوں کو مبارکباد دی اور کامیاب مقابلے کرانے پر پاکستان ائیرفورس اور سکی فیڈریشن کوبھی مبارکباد دی۔آخر میں انہوں نے سعدیہ خان سکی کپ 2017کے اختتام کا اعلان کر دیا۔
قبل ازیں بطور مہمان خصوصی بی بی سلیمہ نے سکی مقابلے جیتنے والے کھلاڈیوں میں کپ ،میڈلز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔
اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے بیس کمانڈر کالاباغ و گلگت بلتستان سید قسور عباس نقوی نے کہا کہ سکی فیڈریشن پاکستان وقتاً فوقتاًمقابلے کا انعقاد کرتا ہے جس کا مقصد بین الاقوامی سطح کے کھلاڈیوں کو پیدا کرنا ہے۔ ہماری محنت اور کوششوں سے ٹریننگ کے لیے ہماری دو خواتین نے سویٹزرلینڈ اور ترکی میں مقابلوں میں حصہ لیا۔ دو خواتین پر مشتمل ٹیم فروری2017میں جاپان میں ہونے والے مقابلے میں حصہ لے رہی ہے جبکہ حال ہی میں دو خواتین سکی پلیئرز کی ورلڈ جونئیرسکی چمپئن شپ کے لیے نامزدگی ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکی کے فروغ کے لیے سکی سکول نلتر قائم کیا گیا اس سکول میں معیاری تعلیم کے ساتھ جدید سکی کے سامان بھی مہیا کئے گئے ہیں اور ساتھ میں بچوں کی تربیت بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر اس سکول سے بچوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں بھی بھیجا جائے گا۔