گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں مردم شماری کا عمل 15مارچ سے شروع ہوگا

گلگت ( پ ر ) سیکریٹری داخلہ احسان بھٹہ نے مردم شماری کو ملک کی ترقی میں ایک اہم زینہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ جانفشانی اور دل لگا کر مردم شماری کے عمل کو کامیاب بنا نے کے لیئے اقدامات کریں۔ یاد رہے کہ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی مردم شماری کا عمل مکمل کرنے کے لیئے سرکاری سطح پر اہم ترین اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مردم شماری کے لیئے تیاریوں کے سلسلے میں صوبائی دارلحکومت گلگت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت صوبائی سیکریٹری داخلہ احسان بھٹہ نے کی۔ اس اجلاس میں سول وملٹری حکام نے شرکت کی اور گلگت بلتستان میں مردم شماری کے عمل کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات زیر غور لائے گئے۔ ہوم سیکریٹری گلگت بلتستان احسان بھٹہ نے میٹنگ کے شرکاء پر زور دیا کہ مردم شماری ایک انتہائی حساس معاملہ ہے جس کو نہایت احتیاط اور جانفشانی سے مکمل کرنے کی ازحد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جتنا موثر اور جامع طریقہ کار اپنایا جائے گا اتنا ہی مکمل اور جامع ڈیٹا اکھٹا کیا جا سکتا ہے ۔ سیکریٹری داخلہ نے مزید کہا کہ مربوط حکمت عملی اور ٹیم ورک مردم شماری کے لیئے نہایت ضروری ہے تاکہ مردم شماری میں کسی بھی طرح کے ابہام اور غلطی کی گنجائش باقی نہ رہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ مردم شماری کے نتائج کا شفاف اور درست ہونا حکومت کے لیئے مستقبل کی پلاننگ اور ترقیاتی سرگرمیوں کو عملی شکل دینے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ گلگت بلتستان میں موسم کی کیفیت اور خصوصی جغرافیائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اضلاع میں مردم شماری کے لیئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ بلا تعطل مردم شماری کو ممکن بنایا جاسکے۔ سرد اضلاع جہاں پر برف باری اور خصوصی موسمی حالات درپیش ہوں وہاں پر مر حلہ وار بنیادوں پر مردم شماری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ مردم شماری کے انتظامات کو مربوط اور منظم بنانے کے لیئے 6فروری سے ماسٹر ٹرینیرز کے لیئے ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا جائے گا اور اس سے مستفید ہونے والے ماسٹر ٹرینرز اس مرحلے کے اختتام پر مردم شماری کے دیگرزمہ داران کو تربیت فراہم کریں گے۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ مرحلہ وار مردم شماری کے عمل کو مکمل کرنے کے لیئے دو فیز میں مردم شماری کی جائے گی۔ پہلے فیز میں گلگت ، سکردو، گانچھے، غذر اور نگر کے اضلاع میں مردم شماری کا آغاز کیا جائے گا۔ دوسرے فیز میں گلگت بلتستان کے باقی اضلاع میں مردم شماری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ 15مارچ سے شروع ہونے والے مردم شماری جو کہ 15اپریل تک جاری رہے گی اس میں ہاوس لسٹنگ، ہاوس ہولڈز کی گنتی اور افراد کی گنتی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button