گلگت بلتستان

چلاس: تھک نیاٹ اور بابوسر کے عوام نے علاقے کو امن کا گہورہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان احسان اللہ بھٹہ

چلاس(بیوروچیف) قومی رضاکار فورس تھک نیاٹ اور بابوسر کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری گلگت بلتستان احسان اللہ بھٹہ نے کہاکہ سال 2016میں تھک نیاٹ اور بابوسر کے عوام نے علاقے کو امن کا گہورہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، بابوسر روڈ پر دیامر کے حدود میں قومی رضاکار فورس کی محنت، جدوجہد اور دن رات ایک کرکے علاقے کی تحفظ کے بدولت کسی قسم کی ناخوشگوار واقعات رونما نہیں ہوئے اور نہ ہی کسی شرپسند کو رضاکار فورس کی موجودگی میں تخریب کاری کا موقع ملا ہے۔ تھک نیاٹ کے لوگوں نے تاریخ رقم کی ہے اور پہلی بار اپنی مدد آپ کے تحت ضلعی انتظامیہ ،پولیس اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھک بابوسر کے قومی رضاکار فورس نے گرمائی موسم میں گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کے ساتھ بہترین تعاون کیا ہے اورشاہراہ بابوسرپر مسافروں کے مشکلات کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ اس روڈ پر پیش آنے والے مختلف ٹریفک حادثات میں زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ریسکو کرکے قریبی ہسپتال منتقل کیا ،اور یہاں کے عوام نے سیاحوں کو اپنے گھروں میں جگہ دے کر مہمان نوازی کا عملی مظاہرہ کیا جس پر گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ تھک بابوسر کے قومی رضاکار فورس اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھک نیاٹ اور بابوسر کے جوانوں کی قربانیوں کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اورحکومت قومی رضاکار فورس کی مزید بھی مدد اور ان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہا کہ تھک نیاٹ اور بابوسر کے عوام محب وطن اور غیور ہیں اور یہاں کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت علاقے کو پرامن بناکر یہ ثابت کر دیا کہ یہاں کے عوام حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تھک نیاٹ کو ایک سازش کے تحت پسماندہ رکھا گیا ،لیکن یہاں کے عوام اب باشعور ہوچکے ہیں اور وہ اپنے علاقے کا تحفظ کرنا جانتے ہیں ،تھک نیاٹ کے قومی رضاکار فورس نے اپنی مدد اپ کے تحت جو قدم اُٹھایا ان اقدامات کو حکومت سراہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھک نیاٹ رضاکار فورس کو مستقبل قریب میں کمیونٹی پولیس میں ضم کرنے کیلئے حکومت عملی اقدامات اُٹھاٗئے گی اور رضاکار فورس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائیگا ،اور آیندہ سال تھک بابوسر کے رضاکار فورس کیلئے سیزنل تنخواہیں بھی دی جائیں گی۔

 

تقریب سے کمشنردیامر طارق، ڈی سی دیامر دلدار ملک اوراے سی چلاس ظہور الہی مری نے کہاکہ رضاکار فورس نے سال 2016میں انتظامیہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا ہے اور علاقے کو پرامن بنایا ہے خاص کر گزشتہ ماہ چائینہ ریلی میں یہاں کے رضاکاروں نے ریلی کا شاندار استقبال کرکے علاقے کے عوام اور انتظامیہ کا سر فخر سے بلند کیا ۔

اس سے قبل ہوم سیکرٹری احسان بھٹہ نے سرکٹ ہاوس میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ خصوصی میٹنگ بھی کی اور بعد ازاں ڈسٹرکٹ جیل چلاس ،ریسکو 1122اور دیگر اداروں کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button