صحت

چلاس: ایف آئی اے کی مدد سے جلد ہی گلگت بلتستان بھر میں ادویات کی میگا انسپکشن کی جائے گی۔ چیف ڈرگ کنٹرولر

چلاس(مجیب الرحمان) نیو ٹراسیوٹیکل،ہربل ،کاسمیٹکس اور سوئچرز سٹینٹ اور دیگر اشیاء کی بھی بل وارنٹی یقینی بنانی ہوگی۔محکمہ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی بغیر بل وارنٹی ان اشیاء اور ادویات کو جعلی اور مضر صحت تصور کرے گی،اور سخت قانونی کاروائی عمل میں لائے گی۔ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی ہمہ وقت عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے سوداگروں کو انکے انجام تک پہنچانے کے لئے مصروف عمل ہے۔اب تک سینکڑوں کمپنیوں کے خلاف ڈرگ کورٹ کے ذریعے کاروائی عمل میں لائی جا چکی ہے، کئی کمپنیوں کو مکمل طور پر بند کروا دیا گیا ہے۔غیر قانونی ،غیر معیاری مضر صحت ادویات کے کاروبار سے منسلک افرادسزائیں بھگت رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار چیف ڈرگ کنٹرولر سیکریٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ ڈاکٹر کفایت اللہ نے چلاس شہر میں میگا انسپیکشن کے بعد کیمسٹ ایسوسی ایشن اور میڈیکل سٹور مالکان کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سمگل شدہ ادویات اور سٹینٹ سوئچرز کے خلاف بھر پور کاروائی کا سلسلہ جاری ہے۔کسی بھی سٹور سے کوئی بھی دوا جو بغیر بل وارنٹی کے برآمد ہو گی چاہے وہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی ہو غیر معیاری تصور ہوگی اور اسی وقت ہی اس اسٹور کو سیل کر دیا جائے گا۔ بل وارنٹی ہی ادویات کے معیاری یا غیر معیاری ہونے کی دلیل ہے۔بیچ نمبرز کا خصوصی خیال رکھا جائے بل وارنٹی میں درج بیچ نمبرز سے مختلف بیچ کی ادویات بھی غیر معیاری تصور ہونگی۔ادویات خریدتے اور بیچتے وقت بیچ نمبرز کا خیال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے کوئی بھی ڈرگ انسپکٹر کسی قسم کی بھتہ خوری میں ملوث ہی نہیں ہے۔تمام ڈرگ انسپکٹرز اپنی ذمہ داریاں دلجمعی اور ایمانداری سے سر انجام دے رہے ہیں۔جلد ہی ڈرگ انسپکٹرز کو مستقل کر دیا جائے گا۔تاکہ وہ مزید بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی مدد سے جلد ہی گلگت بلتستان بھر میں ادویات کی میگا انسپکشن کی جائے گی۔اس دوران کسی سے بھی کوئی بھی غیر قانونی،بغیر بل وارنٹی یا ایکسپائر،مضر صحت ادویات بر آمد ہونگی اسی وقت انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مڈل مین یا غیر رجسٹرڈ کمپنیوں سے ادویات کی لین دین ہرگز نہ کریں ایسے عناصر کی نشاندہی میں ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کی مدد کریں تاکہ انسانی جانوں کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔اور انسان دشمن عناصر قانون کے شکنجے میں آئیں۔انہو ں نے کہا کہ ادویات کا انسانی زندگی سے بالواسطہ تعلق ہے۔انسانی زندگی کے ساتھ زیادتی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔اور زیادتی کرنے والے عناصر پورے معاشرے کے مجرم ہیں۔ان مجرمان کے ساتھ دہشتگردوں سے بھی برا سلوک کیا جائے گا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گلگت بلتستان میں ڈرگ اینڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا آغاز جلد ہی کر رہے ہیں۔جس کے بعد عوام کو غیر معیاری ادویات کی بروقت ہی شناخت ممکن ہوگی جس سے غیر معیاری ادویات کے خاتمے میں فوری مدد ملے گی۔نہ صرف غیر معیاری ادویات بلکہ غیر معیاری اشیاء خوردونوش کی بھی روک تھام ممکن ہوگی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button