معیشتگلگت بلتستان

ہلال احمر پاکستان قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کو کیش گرانٹس کی صورت میں امداد کوترجیع دیگی ۔ صوبائی سکریٹری ہلال احمرگلگت بلتستان

گلگت( پ ر) ہلال احمرگلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری نورالعین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان قدرتی آفات کی زدمیں واقع ایسا خطہ ہے جہاں پر ہروقت کسی نہ کسی آفت کے وقوع پذیر ہونے کے خطرات موجود رہتے ہیں، ایسے میں ان آفات سے بروقت نمٹنے اور مقامی آبادی کو درپیش خطرات کو کم کرنے کے لئے ہلال احمر پاکستان عرصہ دراز سے سرگرم عمل ہے۔ ماضی میں ہلال احمر کی سرگرمیاں قدرتی آفات کے متاثرین کو خیمے، خوراک ودیگر بنیادی اشیاء کی فراہمیکی حد تک تھی مگر اب چونکہ عالمی سطح پر قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کوامدادی سامان کی بجائے نقدکی شکل میں امداد کو زیادہ موثر اورمفید قرار دیئے جانے پر ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہلال احمر پاکستان نے قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کو کیش گرانٹس کی صورت میں نقد امداد دینے کی حکمت عملی اپنانا شروع کردیاہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ دنوں ہلال احمر گلگت بلتستان کے سٹاف اور رضاکاروں کے لئے کیش گرانٹ پروگرامنگ کے حوالے سے منعقدہ تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر گلگت بلتستان نے آزمائشی طورپر کیش گرانٹ پروگرام کے تحت گزشتہ سال بارشوں سے متاثرہ 427 خاندانوں کو مبلغ22000روپے فی کس کے حساب سے کم وبیش ایک کروڑ کی رقم تقسیم کی جسے نہ صرف علاقائی بلکہ قومی اور بین الاقومی سطح پر بھی بھرپورپذیرائی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نقدکی صورت میں امدادکا طریقہ کار متاثرین اورادارے دونوں کے لئے فائدہ مند ہے اور اس میں وقت اور وسائل کی بھی بھرپوربچت ہے لہذا ہلال احمر اب کے بعد علاقائی سطح پر وقوع پذیر ہونے والی قدرتی آفات کے متاثرین کو کیش گرانٹ کی صورت میں امدادکی فراہمی کو ہی ترجیع دیگی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈکوارٹراسلام آباد سے آئے ہوئے پروگرام منیجرمحمدامین نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان کیش گرانٹ پروگرام پر موثر طریقے سے عملدرآمد کے سلسلے میں ہلال احمر گلگت بلتستان برانچ کی بھرپورمدد کریگی اور اس حوالے سے ادارے کے سٹاف اور رضارکاروں کی استعدادکارکو بڑھانے کے لئے بھی قومی وبین الاقومی سطح پر مواقعے فراہم کئے جائیں گے۔

تقریب میں ڈینش ریڈکراس کے نمائندے ناصرجمال نے اپنے خطاب میں ڈینش ریڈکراس کی جانب سے ہلال احمر گلگت بلتستان کی مالی وتکنیکی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button