کوہستان

کوہستان کے تحصیل پالس کو ضلع بنایا جائے گا، وزیر اعلی خٹک کی یقین دہانی

کوہستان (شمس الرحمن شمسؔ ) کوہستان، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خان خٹک نے کوہستان کی تحصیل پالس کو ضلعے کا درجہ دینے کا یقین دلاتے ہوئے جرگے سے کہا ہے کہ پوری قوم آپس میں مشاورت اور اتحاد سے ترقی کے عمل کو آگے بڑھنے دیں ۔ پالس کو ضلع بنانے کیلئے عملی کام شروع کریں گے۔پالس سے سابق ایم پی اے مفتی محمودعالم پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل پالس کے مشران نے جمعے کی شام سی ایم ہاوس پشاورمیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خان خٹک سے ملاقات کی ۔جرگے کی قیادت جے یوآئی۔ف کے خیبر پختونخواہ اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مولانا عصمت اللہ کررہے تھے ۔اُن کے ہمراہ تحصیل داسو کے علاقہ جالکوٹ کے عمائدین اور پالس ایکشن کمیٹی ممبران بھی موجود تھے ۔ پشاور سے سابق ناظم سراج الدین نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے اقوام جالکوٹ کے مطالبے پر پالس کو ضلعے کادرجہ دینے کا یقین دلایاہے اور کہا ہے کہ ضلع پالس کے قیام کا عمل ابھی سے شروع کریں گے۔ تاہم قوم آپس میں اتحاد و اتفاق رکھے ۔ لوئر کوہستان اور ضلع پالس کے قیام کے بعد کوہستان میں بلدیاتی انتخابات کروائیں گے ۔

تاہم سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر سرگرم اور مولانا عصمت اللہ کا قریبی ساتھی سمجھنے والا سیف شاہین نے کسی بھی تفصیل دینے سے گریز کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خان خٹک نے پالس ایکشن کمیٹی اور مولانا عصمت اللہ کو مخاطب کرکے کہا ’’ہم نے لوئر کوہستان کا نوٹفیکیشن جاری کیا جس پرآپ لوگوں کے قبائلی گروپس بنے ، آپ لوگ عدالت گئے جہاں سے فیصلہ ہمارے حق میں آیا ۔ پھر پالس کے مشران میرے پاس آئے اور کہا کہ اُن کے ساتھ جھگڑا ہے اور یہ جھگڑا دشمنی میں بدل جائیگا۔ میں عوام میں جھگڑے نہیں کروانا چاہتا ہوں میں پرامن آدمی ہوں ۔ اس لئے آپکو اپر کوہستان میں رہنے کی یقین دہانی کی۔اب ایک نیا مسلہ آگیاہے ۔ آپ کہتے ہیں کہ ہم اُن (پٹن )کے ساتھ نہیں رہ سکتے ، اوپر (اپر کوہستان) والے کہتے ہیں ہم آپکے (پالس ) ساتھ نہیں رہنا چاہتے ۔ میرے خیال سے آپکو دریا میں پھینک دیتے ہیں ‘‘جس پر ہال قہقہوں سے گونج اُٹھا ۔

پھر وزیراعلیٰ نے کہا کہ کہ کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی ۔ تمام لوگ اپنے اپنے علاقوں سے کمیٹیاں بنائیں اور افہام و تفہیم سے اپنے پسماندہ ضلعے کی ترقی کا عمل جاری رہنے دیں ۔ ضلعوں کے تنازعے حل کریں تو فوری طورپر بلدیاتی الیکشن کروائیں گے ۔

اس موقع پر سابق ضلع ناظم ڈاکٹر سیف الرحمن کے چھوٹے بھائی سابق ایم پی اے اور پیپلز پارٹی کے رہنما مفتی محمود عالم نے اپنے پورے جنبے کے ساتھ تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button