خواتین کی خبریں

پولیس بھرتیوں میں میرٹ کو پامال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ساجدہ صداقت راہنماءپاکستان پیپلز پارٹی

چلاس(مجیب الرحمان) پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی راہنماء ساجدہ صداقت نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور انکے حواریوں نے حالیہ بھرتیوں میں میرٹ کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ اپنے من پسند افراد کو بھرتی کر وا کے غریبوں کی حق تلفی کی ہے۔ پولیس بھرتیوں میں میرٹ کو پامال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں عوام ان کی بغل میں چھری منہ میں رام رام والی پالیسی سے تنگ آچکے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے شروع دن سے ہی ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف ضلع گلگت کے ایک حلقے کے وزیر اعلیٰ ہیں۔انہوں نے دیامر اور استور کو مکمل نظر انداز کر کے رکھا ہوا ہے۔جس کے واضح ثبوت پولیس پوسٹوں کی بندر بانٹ ہے۔جن اضلاع میں پولیس کی پوسٹوں کی زیادہ ضرورت تھی وہاں پر بھیک کی چند پوسٹیں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ نے جتنی سیٹیں مختص کی ہیں وہ صرف اپنوں کو نوازنے کے لئے کی ہیں۔اور پوسٹوں کے ذریعے ووٹ جمع کر نے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ووٹ اقرباء پروری اور ناانصافی کی بدولت حاصل نہیں ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندے سے خصوصی بات چیت میں کی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں جتنے ترقیاتی کام کئے ہیں موجودہ حکومت اس کا ایک حصہ بھی نہیں کر سکتے ہیں۔ہمارے دور کے ترقیاتی کام اور اقدامات پر اپنے ناموں کی تختیاں نصب کرکے کریڈٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کا کرپشن اقرباء پروری کے علاوہ عوامی فلاح بہبود کے لئے کوئی بھی عملی کام نظر نہیں آرہا ہے۔عوام اب بھی پیپلز پارٹی کے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نا اہل حکومت کی کرپشن اور نا اہلی کے خلاف صف آراء رہے گی۔اور بھرپور مخالفت جاری رکھیں گے اور انکے غیر قانونی اور غیر منصفانہ اقدامات پر ہر گز خاموش نہیں رہیں گے۔

چلاس(بیوروچیف) سابق صدر پی ایس ایف دیامر قاسم شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارٹی عہدوں کی تقسیم میں دیامر اور استورکی خواتین کو بھی بھرپور نمائندگی دی جائے۔پارٹی کی فعالیت میں خواتین کا بھی اہم کردار رہا ہے۔صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ سے امید رکھتے ہیں وہ خواتین کی نمائندگی یقینی بنائینگے۔امجد ایڈوکیٹ کی قیادت میں پیپلز پارٹی مکمل طور پر فعال اور مضبوط ہو چکی ہے۔پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو اپنے ورکرز کو بھی عزت و احترام دیتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی تمام سیاسی جماعتوں سے منفرد اور ممتاز ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button