صحت

صوبے کے تمام نادار اور غریب لوگوں کو جلد از جلد ہیلتھ انشورنس پالیسی میں شامل کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت( پ ر) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ ا لرحمن نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ غیر ضروری اخراجات کو ختم کرکے مسائل کو عوام کی فلاح و بہبود اور بہتر طبی سہولیات کیلئے بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ ا لرحمن نے ہیلتھ انشورنس سکیم گلگت بلتستان کے تحت نادار اور غریب مریضوں کو علاج و معالجے کے اخراجات کی ادائیگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ ا لرحمن نے کہا کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کیاجارہاہے اور بتدریج صوبے کے تمام ہسپتالوں کو خود مختار بنایا جائے گا۔ تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری اور سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال سے گریز کریں، جس کا آغاز ہم نے اپنے دفتر سے کیا ہے۔ سابق حکومت کی غیرضروری پروٹوکول اور آسائشوں کیلئے استعمال کئے جانے والے اخراجات کو ختم کرکے عوام کے بہتری کیلئے صرف کیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی گئی ہے، صوبے کے ہسپتالوں کو مثالی ہسپتال بنائیں گے جس میں مریضوں کو بہترین علاج و معالجے کے سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔ کسی بھی مریض کو علاج کیلئے دیگر صوبوں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی جس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔

سابق حکومتوں نے غریب اور مستحق افراد کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیااور نہ ہی اس حوالے سے کوئی پالیسی بنائی۔ مسلم لیگ ن نے غریب اور مستحق عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر ہیلتھ انشورنس پالیسی کا اجراء کیا ہے۔ قائد عوام و وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جانب سے گلگت بلتستاان کے مختلف اضلاع میں وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پالیسی کے کارڈز تقسیم ہوئے ہیں اور صوبائی حکومت اور کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے بھی مستحق اور نادار لوگوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہیلتھ انشورنس پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔ ہماری ترجیح ہے کہ صوبے کے تمام نادار اور غریب لوگوں کو جلد از جلد ہیلتھ انشورنس پالیسی میں شامل کرے جس کے تحت تمام اخراجات کے ایف ڈبلیو اور صوبائی حکومت اٹھائے گی۔ ہسپتالوں کو نادار اور غریبوں کی علاج و معالجے کیلئے تمام اخراجات حکومت ادا کرے گی جس کے عوض معاشرے کے مستحق اور نادار افراد کو معیاری علاج و معالجے کی سہولت فراہم ہوگی۔ ابتدائی طور پر اس سکیم کا آغاز گلگت سے کیا ہے جسے دیگر اضلاع تک وسعت دی جارہی ہے۔
حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے اب کسی بھی غریب اور مستحق کو علاج و معالجے کے اخراجات کیلئے اپنا گھر یا زمین بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ ا لرحمن نے کہاکہ صوبے میں ڈاکٹروں کی کمی کو دور کرنے کیلئے خصوصی مراعاتی پیکیج منظورکیا جاچکا ہے۔ تمام ڈاکٹروں کو پیکیج کی منظوری کی تاریخ سے ہی مراعات فراہم کئے جائیں گے تاکہ دیگر علاقوں سے بھی ڈاکٹرز خدمات سرانجام دینے گلگت بلتستان آئیں۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button