گلگت بلتستان

محکمہ تعمیرات دیامر کے ملازمین غائب، دفاتر پر تالے، سائلین خوار ہو رہے ہیں

چلاس(بیو رورپورٹ)محکمہ تعمیرات عامہ دیامر سفید ہاتھی بن گیا ، آفس ویران اور عوام خوار ہو نے لگے ۔ ملازمین غائب ،دفاتر پر تالے لگ گئے۔ وزیر اعلیٰ اور ڈپٹی کمشنر دیامر کے احکامات یکسر نظر انداز کر تے ہو ئے محکمہ تعمیرات عامہ دیامر کے ملازمین غائب ، سائلین دن بھر انتظار کر کے شام کو مایوس واپس جانا معمول بن گیا ۔ عوام کی جانب سے محکمہ تعمیرات کے خلاف شکایات کے انبار لگانے پر میڈیا کی ٹیم نے محکمہ تعمیرات عامہ دیامر کا دورہ کیا ۔

جب میڈیا کی ٹیم آفس پہنچی تو آفس میں مکمل سناٹا چھایا ہوا تھا ۔اکثر کمروں میں تالے لگے ہو ئے تھے صرف دو یا تین کمرے کھلے تھے لیکن کرسیاں خالی تھیں ۔ وہاں پر مو جود ملازمین سے جب استفسار کیا گیا تو ان سے کو ئی جواب نہیں بن پایا ۔ایک ملازم نے کہا کہ عدالت میں پیشی ہے جس کی وجہ سے دفتر خالی ہے جب کے ایک ملازم نے کہا کہ آج چھٹی ہے ۔ جب اس سے پو چھا گیا کہ پیر کے روز کیسی چھٹی ہے تو اس نے انو کھی منطق پیش کی کہ آج صرف پی ڈبلیو ڈی کو چھٹی ہے ۔

محکمہ تعمیرات کے آفس کے احاطے میں مو جود دیامر کے دور دراز علاقوں سے آئے ہو ئے سائلین اور ٹھیکداربرادری اس موقع پر میڈیا ٹیم کے سامنے پھٹ پڑے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین رات کو چھپ کے آفس میں کام کر تے ہیں اور مخصوص افراد اور ٹھیکداروں کے علاوہ کسی کا جائز کام تو دور کی بات ہے ملنا گوارہ نہیں کر تے ۔ہم میڈیا کی توسط سے وزیر اعلیٰ ، چیف سیکریڑی گلگت بلتستان سے بھر پور مطالبہ کر تے ہیں کہ پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کا قبلہ درست کیا جائے ۔ملازمین کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری چیک کی جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے شام چار بجے کے بعد آفس بند کر نے کی سختی سے ہدایت کی تھی جبکہ پی ڈبلیو ڈی چلاس میں بالکل اس کے الٹ ہو رہا ہے ۔ یہاں پر رات کو چوری چھپے کام ہو تے ہیں اور اپنے من پسند افراد کو نوازنے کیلئے چھٹی کے دن بھی کام کر تے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکو مت کی بدنامی کا سبب بنے والے محکمہ تعمیرات عامہ دیامر کو راہ راست پر لایا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button