سیاست

گلگت بلتستان کے عوام کی پہلی اور آخری منزل آئینی صوبہ ہے، فتح اللہ خان رہنما تحریک انصاف

گلگت(خبرنگارخصوصی) تحریک انصاف گلگت بلتستان کے جنرل سیکرٹری فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے آئینی حیثیت کی راہ میں ایک بار پھر کشمیری قیادت سامنے آگئی ہے اور گلگت بلتستان صوبے کی مخالفت کر رہی ہے جس کو گلگت بلتستان کے عوام مسترد کرتے ہیں کیونکہ گلگت بلتستان کے عوام کی پہلی اور آخری منزل آئینی صوبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے گزشتہ ستر سالوں سے کشمیر کی خاطر قربانیاں دی ہیں مگر کشمیری قیادت ہمیشہ گلگت بلتستان کے حقوق میں رکاوٹ بنتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اباؤاجدادنے اس خطے کو آزاد کروا کر پاکستان میں شامل کیا ہے اور ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ گلگت بلتستان میں بسنے والے بیس لاکھ عوام کے جذبات کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر اس خطے کو صوبہ بنائے۔

حکومتی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوے انہوں نے الزام لگایا ہے کہ پورے محکمہ تعمیرات کو تین ٹھیکدار چلا رہے ہیں جو وزیر اعلیٰ کے فرنٹ مین ہیں اور وزیر اعلیٰ کی تمام تر توجہ پیسہ بنانے پر لگی ہوئی ہے عوام کے مسائل سے ان کو کوئی سروکار نہیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بجٹ کا ستر فی صد حصہ محکمہ تعمیرات کے زیر نگرانی خرچ ہوتا ہے مگر بدقسمتی سے موجودہ حکومت اس دارے کو اپنے ذاتی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تین کنٹریکٹرز وزیر اعلیٰ کے فرنٹ مین ہیں اور سارا محکمہ تعمیرات یہ تین لوگ چلا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی تمام تر توجہ پیسہ بنانے پر لگی ہوئی ہیں اس لیے وہ براہ راست تمام ٹینڈرز کی خود منظوری دے رہے ہیں محکمہ تعمیرات کے افسران کے پاس صرف ایم بی(میجرمنٹ بک) اور چیکس پر دستخط کا اختیار رہ گیا ہے ہم چیف سکرٹری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان دو امور کااختیار بھی وزیر اعلیٰ کے سپرد کرے تاکہ عوام کنفیوژن کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں حکومت کی سرپرستی میں میرٹ پامال ہوتی رہے گی تو عوام کہاں جائیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جس جس محکمے میں بھرتیاں کی ہے وہ سب کی سب عدالتوں میں چیلنج ہو گئی ہے اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس حکومت نے کتنا میرٹ بحال کیا ہے۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button