متفرق

حادثاتی اخراجات کی مد میں پاسکو کو گلگت بلتستان کے بجٹ سے سالانہ ایک ارب پندرہ کروڑ دئیے جارہے ہیں، ڈپٹی سپیکر جعفر اللہ خان

گلگت(پ ر) ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو تازہ اور معیاری گندم کی فراہمی یقینی بنائیں اور سارا گندم پاسکو سے لینے کی بجائے پچاس فیصد گندم اوپن مارکیٹ سے بھی خریدے۔ایسا کرنے سے مقابلے کی فضاء پیدا ہوگی اور گلگت بلتستان کو سستی ریٹ پر معیاری گندم ملے گا۔ حادثاتی اخراجات کی مد میں پا سکو کوسالانہ ہمارے بجٹ سے ایک ارب پندرہ کروڑ روپے اضافی دئیے جارہے ہیں اس کا کوئی جواز نہیں بنتا ہے۔انہوں نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی فنانس ڈویژ ن سے رابطہ کرکے اس غیر ضروری ادائیگی کو ختم کرائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قائمہ کمیٹی برائے خوراک کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کو گندم ماہانہ بنیاد پر دیا جا رہا ہے اس طریقہ کار کو تبدیل کر نے کی ضرورت ہے ہمیں تین مہینے کا گندم ایک ساتھ ملنا چاہیے تاکہ علاقے میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران خوراک کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔انہوں نے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے اقدامات اٹھائیں اور کسی بھی صورت میں گندم کا بحران پید ا نہ ہونے پائے۔انہو ں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سالانہ کوٹے کی پندرہ لاکھ بوری گندم کی ترسیل کو یقینی بنائیں گندم کے کوٹے میں کسی بھی قسم کی کٹوتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں محکمہ خوراک کے سیکریٹری اور ڈائریکٹر نے کمیٹی کو اپنے محکمے کی کارکردگی اور مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس پر کمیٹی نے حکومت کو سفارش کی ہے کہ محکمہ خوراک کو مزید فعال بنایا جائے اور اس کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائے۔

کمیٹی نے محکمہ خوراک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی ترسیل کے ٹینڈر کی شرائط کو آسان بنائیں اور اس میں ذیادہ سے ذیادہ مقابلے کی فضاء پیدا کرے تاکہ پنجاب سے گلگت بلتستان تک گندم کی ٹرانسپورٹ پر اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ٹینڈر شفاف طریقے سے کریں جو سب سے کم ریٹ دیں اس کو گندم کی ٹرانسپورٹ کا ٹھیکہ دیں اور مقامی لوگوں کو فائدہ پہچانے کی کوشش کریں۔

کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز اسمبلی کے کانفرنس ھال میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران ،وزیر خوراک محمد شفیق ،پارلیمانی سیکریٹری قانون اورنگزیب خان ایڈوکیٹ، ممبر اسمبلی راجہ جہانزیب، ممبر اسمبلی بی بی سلیمہٰ اور محکمہ خوراک کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button