تعلیم

کالجز میں ادبی، ثقافتی اور فنونِ لطیفہ کو فروغ دینے کے لئے سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان ثناء اللہ اہم اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ڈایریکٹر ایجوکیشن کالجز گلگت بلتستان

گلگت ( پ ر) گلگت بلتستان کے کالجز میں ادبی، ثقافتی اور فنونِ لطیفہ کو فروغ دینے کے لئے سیکریٹری تعلیم گلگت بلتستان ثناء اللہ اہم اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لئے باصلاحیت اور تجربہ کا ر فیکلٹی ممبرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جو تمام کالجز میں ادبی، ثقافتی اور فنونِ لطیفہ کی سرگرمیوں کے انعقاد کے لئے سالانہ ایوینٹ کلینڈر تیار کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈایریکٹر ایجوکیشن کالجز گلگت بلتستان پروفیسر منظور کریم نے گورنمنٹ ڈگری کالجز برائے طلباء، گلگت میں منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ گالا کی تقریب میں بحیثیتِ مہمانِ خصوصی کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پرکالج کے پرنسپل اور کمیٹی کے ممبرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔ طلباء نے مثالی کار کردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایسے پروگراموں سے نہ صرف طلباء کی مخفی صلاحیتیں نکھرتی ہیں بلکہ اس سے اتحاد اور یکجہتی کو بھی فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ کالج کے جملہ مسائل کے حل کے لئے پی سی ۔ون منظور ہو چکا ہے اور چند مہینوں میں کالج کے تمام مسائل حل ہونگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل پروفیسر اشرف ملک صاحب نے کہا کہ ان پروگراموں کا مقصد مستقبل کے معماروں کی صحیح خطوط پر تربیت کرنی ہے اور اچھے اور ذمہ دار مسلمان، پاکستانی اور انسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعصبات میں پلنے والے ذہن کبھی اقبال کے شاہین نہیں بن سکتے ہیں۔ گلگت بلتستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کے صدر پروفیسر راحت شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا نظامِ تعلیم ایک بیمار نظامِ تعلیم ہے جسے ہم سب نے مل جُل کر ٹھیک کرنا ہے۔ پروفیسر محمد رفیع نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی اداروں کے اندر ہم نصابی سرگرمیاں، نصابی سرگرمیوں کی عملی تکمیل کے لئے ضروری ہیں۔ پروفیسر انور علی جمیل اور لیکچرر اشتیاق احمد یاد نے اپنا کلام پیش کیا۔ تقریب میں ڈی ڈی کالجز جمشید علی صاحب اور پرنسپل ڈگری کالج دنیور سید تہذیب الحسن نے بھی شرکت کی۔ ٹیلنٹ ہنٹ گالا میں پوزیشنز حاصل کرنے والے ہونہار طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ امتحانات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے باصلاحیت طلباء کو خصوصی کیش ایواڑز سے نوازا گیا۔

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button